1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دھرنے سے زندگی متاثر اور کرکٹ بھی

26 نومبر 2017

پاکستان میں ایک مذہبی جماعت کی کال پر دیے جانے والے دھرنے کے پرتشدد رنگ اختیار کر جانے پر شہریوں کی زندگی تو متاثر ہو ہی رہی ہے لیکن ساتھ پاکستان میں لوٹتی ہوئی بین الاقوامی کرکٹ کو بھی خطرات لاحق ہوتے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2oHHk
Pakistan Proteste
تصویر: picture-alliance/abaca

راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی ایک اہم شاہراہ پر مذہبی جماعت ’تحریک لبیک پاکستان یا رسول اللہ‘ اور اس کے حامی گروپوں کی طرف سے دھرنے کی وجہ سے ان جڑواں شہروں کی زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔

پاکستان نے میچ اور سری لنکا نے دل جیت لیے

پاکستان اور سری لنکا ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے تیار

’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کا امکان نہیں‘

سری لنکا پھر پاکستان میں، کچھ پرانی یادیں بس ڈرائیور خلیل کی زبانی

گزشتہ بیس دنوں سے جاری اس دھرنے کو ختم کرنے کی کوشش کے باعث تشدد کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ مذہبی بنیادوں پر شروع ہونے والے اس تشدد نے بظاہر پاکستان بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اس غیر یقینی صورتحال میں ’نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ‘ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ معطل کر دیے گئے ہیں۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا سیمی فائنل راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پچیس نومبر جبکہ دوسرا چھبیس نومبر کو منعقد ہونا تھا۔

پروگرام کے مطابق اس اہم ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ستائیس نومبر کو ہونا طے تھا۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ’غیریقینی صورتحال کے باعث یہ میچ فی الحال منسوخ کر دیے گئے ہیں‘۔

پاکستانی کرکٹ حکام کے مطابق جلد ہی اعلان کیا جائے گا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کب ممکن ہو سکے گی۔ پاکستانی میں انتہا پسندی کے خطرات کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان پہنچ چکا ہے۔

سن دو ہزار نو میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ختم ہو گئی تھی تاہم حالیہ عرصے میں پاکستانی کرکٹ حکام کی کوششوں کی وجہ سے صورتحال بہتری ہوئی ہے۔ؒ

تاہم ناقدین کے مطابق اس طرح پاکستان میں تشدد کا نیا سلسلہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ خراب کرے گا اور بین الاقوامی کرکٹرز پاکستان آنے سے مزید کترائیں گے۔ بین الاقوامی میڈیا نے پاکستان میں جاری اس دھرنے اور کرکٹ کو پہنچنے والے اس نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کرکٹ کی خبروں اور تبصروں کے حوالے سے مقبول ویب سائٹ cricinfo.com نے شہ سرخی لگائی ہے کہ ’مذہبی بدامنی کے باعث پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ متاثر‘ ۔ کوئی شک نہیں کہ بین الاقوامی میڈیا میں اگر پاکستان میں اس صورتحال کو شہ سرخیوں میں بیان کیا جائے تو عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہو گا اور بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں مزید مشکلات درپیش آئیں گی۔