1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردوں کی جرمن شہریت ختم کرنے کی تجویز

Maike Verlaat / امجد علی21 اپریل 2016

جرمن مخلوط حکومت میں شامل جماعت سی ڈی یو نے دہری شہریت کے حامل دہشت گردوں کی جرمن شہریت ختم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ہمسایہ ملک فرانس میں اسی طرح کی اصلاحات عمل میں لانے کی ایک کوشش حال ہی میں ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IZam
Deutscher Reisepass
تصویر: picture-alliance/dpa/R. B. Fishman

جرمن سیاسی جماعت سی ڈی یو (کرسچین ڈیموکریٹک یونین) کے داخلی امور کے ماہرین کی مرکزی کمیٹی نے پیٹر بوئتھ کی قیادت میں تیرہ اپریل کو جس دستاویز کی منظوری دی، اُسے ’اسلامی انتہا پسندی اور سلفی اسلام کے خلاف کوششیں‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس دستاویز کے مطابق ریاست کو ایسے افراد کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہیے، جو ’انسانی وقار کے منافی نظریے یا کسی دہشت گرد تنظیم کی حمایت‘ کرتے ہوں۔

یہ بحث نئی نہیں ہے۔ دہشت گردی کے حامیوں کے پاسپورٹ اور شہریت منسوخ کرنے کی تجویز پر وفاق اور صوبوں کے وزرائے داخلہ نے گزشتہ سال بھی تبادلہٴ خیال کیا تھا۔ تازہ مطالبے کے پس منظر میں جرمنی میں دہشت گردانہ حملوں کے بڑھتے ہوئے امکان پر پائی جانے والی تشویش کارفرما ہے۔ جرمنی میں ایسے انتہا پسند مسلمانوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، جو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے جرمنی سے عراق اور شام کے سفر پر جا رہے ہیں۔ آئینی تحفظ کے محکموں کے پاس ایسے تقریباً سات سو کیسز کی تفصیلات ہیں اور سی ڈی یُو کی آئینی ترمیم کی تجویز کا مقصد ملک کو انہی دہشت گردوں سے بچانا ہے۔ 2011ء اور 2015ء کے درمیانی عرصے میں دہری شہریت کے حامل 164 مبینہ ’جہادیوں‘ کے خلاف تحقیقات شروع کی گئیں۔ شہریت سے متعلق قانون میں ترمیم اس امر کی ضمانت فراہم کرے گی کہ ایسے انتہا پسند واپس جرمنی نہیں آ سکیں گے۔

اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کسی جرائم پیشہ یا دہشت گرد تنظیم کے لیے ہمدردی کی وکالت کرنے کو بھی قابلِ تعزیر گردانا جانا چاہیے۔ بیرٹلزمان فاؤنڈیشن کے ’انضمام‘ سے متعلق پروگرام کے ڈائریکٹر اُلرِش کوبر کے خیال میں انتہا پسندوں کی شہریت کی منسوخی کا مطلب یہ ہو گا کہ ریاست گویا اُن ذمے داریوں سے پہلو تہی کر رہی ہے، جو ایک شہری کی جانب سے اُس پر عائد ہوتے ہیں۔ یہ معاملہ خاص طور پر ایسے افراد کے سلسلے میں زیادہ پیچیدہ ثابت ہو سکتا ہے، جو جرمنی میں پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑھے ہیں اور جن کا اپنے والدین کے آبائی ملک سے بہت کم واسطہ یا تعلق ہے۔

Syrien IS Al-Nusra Front Kämpfer
اس تجویز کا مقصد یہ ہے کہ جرمن شہری اپنی ایک سے زیادہ شہریتوں کو دہشت گردی کی غرض سے سفر کے لیے استعمال نہ کر سکیںتصویر: picture alliance/ZUMA Press/M. Dairieh

حال ہی میں فرانس میں ایسی ہی کوششیں حکومتی صفوں میں ہونے والے احتجاج کے بعد ناکام ہو چکی ہیں بلکہ وہاں تو ایسی تجاویز کی مخالفت کرنے والی خاتون وزیر انصاف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ایسے میں یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا جرمن آئین میں بھی ایسی کسی ترمیم کی کوشش کامیاب ہو سکے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید