1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ، دہلی اور ڈھاکہ کے درمیان ممکنہ ڈیل

15 نومبر 2009

بھارت اور بنگلہ دیش کی حکومتیں بین الاقوامی دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے کے سلسلے میں کئی معاہدوں پر آئندہ ماہ باقاعدہ طور پر دستخط کرنے والی ہیں۔

https://p.dw.com/p/KXEO
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجدتصویر: Picture-alliance/dpa

بنگلہ دیشی حکام نے اس کی سرکاری طور پر تصدیق کردی ہے۔آئندہ ماہ بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نئی دہلی کا دورہ کرنے والی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اسی دورے پر دونوں ملکوں کے درمیان اہم معاہدے طے پائے جائیں گے۔

دہشت گردی، منظم جرائم اور ڈرگ اسمگلنگ کے خلاف جنگ کے علاوہ جن اہم معاملات پر بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان معاہدے ہونے کا قوی امکان ہے، اُن میں قیدیوں کا تبادلہ اور جرائم کے معاملات میں تعاون شامل ہے۔

بنگلہ دیشی خارجہ سیکرٹری مزار القیس نے اپنی بھارتی ہم منصب نروپما راوٴ سے ڈھاکہ میں ایک ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کا مجوزہ دورہ ء بھارت انہی حوالوں سے اہمیت کا حامل ہوگا۔ بنگلہ دیشی خارجہ سیکریٹری نے کہا کہ دونوں ملک آپسی تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔’’ہم تمام نازک اور متنازعہ معاملات پر شفافیت سے بات چیت کرکے ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں گے تاکہ مشترکہ طور پر ان مسائل کو حل کیا جاسکے۔‘‘

Indien Bangladesh Grenze mit Soldat und Stacheldraht
بھارت کے ساتھ بنگلہ دیش کی سرحدتصویر: AP

بھارت میں پرتشّدد حملوں کے وقت کئی مرتبہ شک کی انگلیاں بنگلہ دیش کی جانب بھی گئی ہیں۔

بنگلہ دیشی حکام بھارت کے ساتھ بھارتی سرحدی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے بنگلہ دیشیوں کی ہلاکت اور سرحد پر دریاوٴں کے پانی کے استعمال کے مسئلے بھی اٹھائیں گے۔

رپورٹ: گوہر نذیر

ادارت: ندیم گِل