1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سالگرہ کی تقریبات

ماکس زانڈر / کشور مصطفیٰ6 نومبر 2014

نومبر میں جرمن دارالحکومت دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر سرکاری تقریب کے ساتھ ساتھ متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DiBI
تصویر: picture-alliance/dpa/Wolfgang Kumm

ان ایونٹس میں مشرقی جرمنی کے بارے میں پائے جانے والے جذبات اور پرانی یادوں کی ملی جُلی جھلک دیکھنے میں آ رہی ہے۔

برلن نومبر کو تین روز کے لیے ایک بار پھر منقسم نظر آئے گا۔ تاہم یہ تقسیم سیاسی نہیں ہوگی بلکہ برلن کے جس علاقے میں کبھی دیوار کھڑی تھی اُس کے اور شہر کے دوسرے علاقوں کے درمیان رنگ برنگے برقی قمقموں کے ہار اس تقسیم کی علامت ہوں گے۔ سابق مشرقی اور مغربی جرمنی کی درمیانی سرحد کو 8000 سفید غباروں سے آراستہ کیا جائے گا۔ شمالی برلن میں بورن ہولمن اسٹراسے سے یہ سلسلہ شروع ہو کر پوٹسڈامر پلاٹس سے ہوتا ہوا ’ ماؤر پارک‘ یا دیوار برلن جس جگہ کھڑی تھی وہاں پر قائم پارک تک اور دوسری جانب سابق مشرقی برلن کے علاقے فریڈرش ہائن سے لے کر مشہور زمانہ علاقے کُرائیس برگ تک قریب 15 کلو میٹر طویل یہ آرٹ ورک اُن علاقوں کی حاشیہ آرائی کرے گا جہاں دیوار برلن ہوا کرتی تھی۔

جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک کی روح کی احیاء

دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سالگرہ کی تقریبات کے لیے ایک پورا ویک اینڈ مختص کیا گیا ہے۔ اس موقع پر برلن میں ان رنگا رنگ پروگراموں سے محظوظ ہونے والے ایک لاکھ شائقین متوقع ہیں۔ برلن کا سیاحتی شعبہ اس وقت غیر معمولی حد تک متحرک نظر آ رہا ہے۔ برلن کا رُخ کرنے والے سیاحوں کے لیے ٹورسٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پُر کشش پیکیج کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ مثال کے طور پر مغربی برلن کی مرکزی شاہراہ کورفورسٹن ڈام پر واقع جرمنی کا ایک تاریخی اور مشہور ہوٹل ’ کیمپنسکی برسٹول‘ اپنے مہمانوں کو سابق مشرقی جرمنی میں بننے والی گاڑی ’ ٹرابانٹ‘ کی رائیڈ کی پیشکش کرے گا۔ اس موٹر گاڑی کو سابق مشرقی جرمنی جی ڈی آر کی ایک علامت سمجھا جاتا ہے۔ سابقہ مشرقی برلن کے ایک تاریخی مقام چیک پوائنٹ چارلی پر قائم آڈینا اپارٹمنٹ ہوٹل نے دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے مہمانوں کے لیے جس اسپیشل آفرکی پیشکش کی ہے، اُس میں جرمن ڈیمو کریٹک ریپبلک جی ڈی آر کے عجائب گھر یا میوزیم کا فری ٹکٹ اور ہوٹل کے مینیو میں جی ڈی آر کے روایتی کھانوں کی پیشکش شامل ہے۔ برلن کے متعدد مقامات پر بڑے بڑے اسٹیج تیار کیے گئے ہیں جن پر موسیقی کے رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد ہوگا۔ ان کے علاوہ برلن کے تھیٹرز بھی شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کا مرکز بنیں گے۔

Installation "Lichtgrenze" in Berlin Jubiläum 25 Jahre Mauerfall
برقی قمقموں کی مدد سے برلن کو منقسم کرنے والے سرحدی علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہےتصویر: DW/M. Heuer

جرمن چانسلر کے ساتھ سرکاری تقریب

جرمن دارالحکومت کے مختلف عجائب گھر اور یادگار مقامات اس شہر کی تاریخ کی یاد تازہ کراتے ہوئے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ برلن کے ایک تاریخی مقام ’برناور اسٹراسے‘ پر 25 برس قبل برلن کو منقسم کرنے والی سرحد موجود تھی۔ یہاں آج دیوار برلن کی ایک یادگار قائم ہے۔ یہاں پہنچنے والے شائقین کو قریب دو کلومیٹر طویل پٹی پر قائم دیوار برلن کا ایک ٹکڑا اپنی اصلی شکل میں دیکھنے کو ملے گا اس کے علاوہ بعد میں تعمیر کی جانے والی دیوار کی نقل بھی شائقین دیکھ سکیں گے۔ اسی جگہ 25 برس پہلے سرحدی پٹی پر قائم پہرہ بُرجی کا ایک مکمل حصہ بھی شائقین دیکھ سکیں گے۔

Berlin 1964 Martin Luther King an der Berliner Mauer
1964ء میں مارٹن لوتھر کنگ نے دیوار برلن کا دورہ کیا تھاتصویر: picture-alliance/akg-images

’برناور اسٹراسے‘ پر ہی 9 نومبر کو دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی مرکزی تقریب کا انعقاد ہو گا۔ اس جگہ ایک مصالحتی گرجا قائم ہے جہاں 9 نومبر کی صبح پہلے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوگا، جس میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، دیوار برلن کے انہدام کے تاریخی واقعے کے چشم دید گواہ، شہریوں کی انجمنوں کے نمائندے اور چوٹی کی سیاسی شخصیات مدعو ہوں گی۔ سہ پہر کو جرمن چانسلر یادگار مقامات کی دستاویزات کے مرمت شدہ مرکز کا افتتاح کریں گی۔ اس مرکز میں ایک مستقل نمائش جاری رہے گی جس میں اس تاریخی مقام کے ارد گرد بسنے والوں کی روز مرہ زندگی سے لے کر برلن کی تقسیم کی تاریخی وجوہات اور اُس کے اثرات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی دستاویزات رکھی جائیں گی۔ دوپہر 2 بجے کے بعد سے بچوں کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد ہوگا جن میں اس تاریخی واقعے کے عینی شاہدین بچوں کی طرف سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات دیں گے اور اس طرح نئی جرمن نسل کو اپنی تاریخ کے ایک اہم باب کے بارے میں ذاتی طور پر معلومات حاصل کرنے کا انوکھا موقع میسر ہوگا۔