دیوالی کے تہوار پر جشن کے بعد نئی دہلی سموگ کی لپیٹ میں
1 نومبر 2024بھارت میں ہندو مذہبی تہوار دیوالی پر جشن منانے والوں کی جانب سے آتش بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کے بعد ملکی دارالحکومت نئی دہلی کو سموگ کی ایک موٹی تہہ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دیوالی کو روشنیوں کا تہوار بھی کہا جا تا ہے۔ سوئس فرم آئی کیو ایئر کے مطابق جمعے کی صبح دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈکس 345 سے زیادہ ہو چکا تھا۔ ان اعداد نے دہلی کی فضا کو 'خطرناک‘ کی حد پر پہنچا دیا۔ اس صورت حال نے نئی دہلی کو دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں اب سب سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ اس فہرست میں پڑوسی ملک پاکستان کا شہر لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔
حالیہ برسوں میں نئی دہلی میں حکام نے دیوالی کے دوران روایتی پٹاخوں کے استعمال اور فروخت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہمیشہ ہی لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ روشنی کے اس تہوار کو زیادہ سے زیادہ ماحول دوست طریقوں کو اپناتے ہوئے منائیں۔
آتش باز ی پر پابندی کا نفاذ مشکل کیوں؟
بھارتی حکام کے لیے دیوالی کے تہوار پر آتش بازی پر پابندی کے فیصلے کا نفاذ کرنا مشکل ثابت ہوا ہے اور اکثر اس کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔ کچھ ہندو مذہبی گروپوں نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی کی وجہ سے روشنیوں کے تہوار کو منانے کے ان کے مذہبی فریضے میں مداخلت ہوتی ہے۔ یہ تہوار ہندو دیوی لکشمی کی خوشنودی کے لیے منایا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتش بازی پر پابندی کا مقصد انسانی جانیں بچانا ہے۔
جمعے کے روز دہلی کے بہت سے علاقوں میں فضا میں مہلک ثابت ہو سکنے والے ذرات کی موجودگی کی سطح کافی بلند رہی، جو پھیپھڑوں میں گہرائی تک پہنچنے کی صورت میں صحت کے متعدد مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ یہ سطح عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ اور محفوظ سمجھی جانے والی زیادہ سے زیادہ حد سے بھی کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی میں پولیس نے اس سال دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے لیے استعمال ہونے والا تقریباﹰ دو ٹن سامان بھی قبضے میں لے لیا لیکن اس کے باوجود آتش بازی کرنے والے آتش بازی کا سامان خریدنے کے لیے پڑوسی بھارتی ریاستوں کا رخ کر سکتے ہیں۔
فضائی آلودگی کے دیگر ذرائع
33 ملین افراد کی آبادی پر مشتمل نئی دہلی باضابطہ طور پر دنیا کے سب زیادہ آلودہ شہری علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی ٹریفک سے بھری گلیوں اور کارخانوں سے اٹھنے والا دھواں اس مسئلے کو آئے روز مزید بڑھا رہا ہے۔
دیوالی کا تہوار نئی دہلی کی اکثر پڑوسی یونین ریاستوں میں کھیتوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے سیزن کے ساتھ ہی آتا ہے۔ سردیوں کے آغاز میں یہ دھواں ٹھنڈے درجہ حرارت میں پھنس کر ہوا کے ناقص معیار میں اضافہ کر سکتا ہے۔
(اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)