1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ذوالقرنین حیدر لندن پہنچ گئے

8 نومبر 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر دبئی سے پرسرار طور پر غائب ہونے کے بعد انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Q1uE
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدرتصویر: AP

ذوالقرنین حیدر جنوبی افریقہ کے خلاف پانچویں اورفیصلہ کن میچ سے قبل اپنی ٹیم انتظامیہ کو کچھ بتائے بغیر ہی اپنے ہوٹل سے غائب ہو گئے تھے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ حیدر کو پیر کی صبح دیکھا تھا، جس کے بعد سے وہ انہیں کچھ بتائے بغیر ہی لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد ذوالقرنین حیدر نے پیر کی صبح ہی لندن جانے کا ارادہ بنا لیا تھا اور انہوں نے اپنے فیس بُک پیج پرچھوڑے گئے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ انہیں دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے، جس کے بعد وہ پاکستان ٹیم کو چھوڑ رہے ہیں۔ حیدر نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں موجود ان کی فیملی کو سکیورٹی فراہم کریں۔

حیدر کے بقول انہیں کہا گیا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو ہروا دیں تاہم انہوں نے ایسا نہ کیا، جس کے نتیجے میں اب ان کی جان کو خطرہ ہے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ وہ ذوالقرنین کے بارے میں بالکل بے خبر ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حیدر نے انہیں نہ تو ہوٹل چھوڑنے کے بارے میں کچھ بتایا اور نہ ہی اس اچانک فیصلے کے بارے میں۔ ’’اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی اور جب تک حقائق سامنے نہیں آ جاتے، اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘

Pakistan Cricket Intikhab Alam
ذوالقرنین حیدر نے اتوار کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھاتصویر: AP

دوسری طرف ذوالقرنین حیدر کے آبائی شہرلاہور کی پولیس نے ان کے اچانک غائب ہونے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اگرچہ انہیں اس حوالے سے کوئی باقاعدہ شکایت موصول نہیں ہوئی تاہم انہوں نے یہ کارروائی میڈیا رپورٹوں کے بعد شروع کی ہے۔

دبئی میں ٹیم انتظامیہ نے حیدر کے اچانک غائب ہونے کے بارے میں مقامی پولیس اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو مطلع کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر تفضل رضوی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حیدر نے اچانک غائب ہو کر پی سی بی کےساتھ کئے گئے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ ’’وہ جب بھی ہم سے رابطہ کریں گے، تو ان کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا۔ تاہم اس وقت ہم ان کی سلامتی کے بارے میں فکرمند ہیں۔‘‘

چوبیس سالہ حیدر نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں ’وننگ شاٹ‘ کھیلی تھی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کر دی تھی۔ انہوں نے پاکستان کے لئے ایک ٹیسٹ، چار ون ڈے اور تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک