1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجر فیڈرر نے اٹھارہواں گرینڈ سلَیم ٹائٹل جیت لیا

عابد حسین
29 جنوری 2017

رواں برس کے پہلے میجر ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کو راجر فیڈرر نے اپنے نام کر لیا ہے۔ فائنل میچ میں انہوں نے ہسپانوی کھلاڑی رافائل ندال کو شکست دی۔

https://p.dw.com/p/2Wanu
Tennis Australian Open Rafael Nadal -  Roger Federer
تصویر: Getty Images/AFP/P. Crock

سن 2017 کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کی مردوں کی چیمپئن شپ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے جیت لی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں فیڈرر نے ہسپانوی کھلاڑی رافائل ندال کو پانچ سیٹ کے میچ میں تین سیٹ جیت کر ہرایا۔  سوس ٹینس اسٹار نے اٹھارہواں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ  جبکہ اپنے کیریرمیں پانچواں آسٹریلیا اوپن جیتا ہے۔

سن 1968میں شروع ہونے والے اوپن ٹورنامنٹ کے دور میں وہ سب سے طویل العمر کھلاڑی بھی بن گئے ہی، جس نے کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا اور جیت لیا۔ فیڈرر پینتیس برس کے ہیں۔ آسٹریلین اوپن میں وہ چھ مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور پانچ مرتبہ فتع مند رہے۔ ایک مرتبہ شکست کھائی اور وہ بھی ندال کے ہاتھوں سے۔ بائیں بازو سے کھیلنے والے ندال بھی خاصے عرصے کے بعد گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچے۔

فیڈرر نے سات برس کے طویل انتظار کے بعد کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اِس سے قبل سن 2010 میں انہوں نے میلبورن شہر میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو ہرایا تھا۔ آسٹریلین اوپن کے سن 2009 کا فائنل میچ بھی  ندال اور فیڈرر کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ تب ندال کو پانچ سیٹ کے میچ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

Tennis Australian Open Rafael Nadal -  Roger Federer
آسٹریلین اوپن کے فائنل میچ میں ندال دو سیٹ جیتنے میں کامیاب رہےتصویر: Getty Images/AFP/G. Wood

رنرز اپ کی ٹرافی وصول کرنے کے بعد تیس برس کے ہسپانوی کھلاڑی نے اپنے حریف  فیڈررکو شاندار الفاظ میں مبارک دی اور فائنل میچ میں زور دار کھیل پیش کرنے پر بھرپور انداز میں تعریف کی۔ اس فائنل میچ میں فیڈرر کی سروس کے آگے ندال بےبس دکھائی دیے۔ ندال بھی چودہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

 ٹینس کے اہم مقابلوں میں فیڈرر اور ندال کے درمیان یہ پینتسواں میچ کھیلا گیا اور ان میں ندال نے تیئیس اور فیڈرر کو بارہ میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ دونوں کھلاڑی نو مرتبہ کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کے لیے کورٹ میں اترے اور ان میں چھ ندال نے جبکہ تین فیڈرر نے جیتے۔

 راجر فیڈرر کا یہ اٹھارہواں گرینڈ سلَیم ٹائٹل ہے۔ امریکی ٹینس کھلاڑی پیٹ سمپراس اور رافائل ندال چودہ چودہ میجر ٹورنامنٹس جیت کر دوسرے مقام پر ہیں۔ آسٹریلین اوپن کا فائنل میچ تین گھنٹے اور اڑتیس منٹ تک جاری رہا۔ میچ کا اسکور فیڈرر کے حق میں چھ چار، تین چھ، چھ ایک، تین چھ اور چھ تین کی صورت میں رہا۔