رجب طیب ایردوآن کی بطور ترک صدر حلف برداری
28 اگست 2014حلف برداری کے بعد نو منتخب صدر رجیب طیب ایردوآن نے سابق وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو کو بطور وزیراعظم حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ اوگلو ایردوآن کے انتہائی قریبی رفقاء میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایردوآن اور اے کی پی کے اِس اعتماد کا شکریہ ادا کیا۔ ’’محترم صدر، یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم بطور جماعت آپ کی روایات کو آگے بڑھائیں اور اس کا تحفظ کریں گے۔ ہم آپ کی وراثت اور امانت کی پاسداری کریں گے۔ ہماری موجودگی کا مقصد آپ کے تاریخی مشن کو آگے بڑھانا ہے۔‘‘
ایردوآن ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے ترکی کی سیاست کا اہم ترین ستون رہے ہیں۔ 10 اگست کو صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ وہ صدر کے علامتی عہدے کو ایک طاقتور منصب میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ایردوآن کے بقول، ’’یہ اختتام نہیں بلکہ نیا آغاز ہے۔ ہماری جماعت کے مشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اہداف کے حصول اور نئی منزلیں طے کرنے کا جذبہ بھی پہلے ہی کی طرح رہے گا۔ آج صرف ایک چیز تبدیل ہوئی ہے اور وہ ہے نام۔‘‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایردوآن اور داؤد اوگلو ایک ایسا ترکی قائم کرنا چاہتے ہیں ،جس میں سلطنت عثمانیہ کی جھلک ہو اور جسے دیکھ کر اسلامی اقدار کی یاد تازہ ہو۔ ان کی جماعت کو یقین ہے کہ ایردوآن ترکی کی اس نئی شناخت کا اہم ترین کردار ہیں۔ ترک اخبار حریت کے نامہ نگار مورات یتکن بھی اس سوچ کی تصدیق کرتے ہیں: ’’ایردوآن کے خطاب سے ایک چیز واضح ہو گئی ہے کہ وہ جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی میں ہی شامل رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کو مطمئن کرنے کے لیے کہا ہے کہ بطور صدر بھی وہ تمام معاملات پر نظر رکھیں گے۔ یہ تمام چیزیں ایک جانب اشارہ کرتی ہیں کہ سربراہی میں کوئی فرق نہیں پڑے گا اور پارٹی صدرکا صرف نام تبدیل ہوا ہے۔‘‘
ڈوئچے ویلے کے تبصرہ نگار ڈانیئل ہائنرش کے بقول ایردوآن نے اوگلو کو ایک ماہر اور استاد قرار دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایردوآن کا اشارہ شاید وزیراعظم کی تعلیمی قابلیت کی جانب ہے نہ کہ کسی مسئلے کو حل کرنے کی اُن کی صلاحیت کی جانب۔ ہائنرش مزید کہتے ہیں کہ داؤد اوگلو کی گزشتہ برسوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ وہ اتنے بڑے عہدے کا قابل نہیں ہیں۔ بطور وزیراعظم اگلے برسوں کے دوران بھی اُن میں کوئی بڑی تبدیلی آنے کا امکان نہیں ہے اور یہ صورتحال ترکی کے لیے تباہ کن بھی ثابت ہو سکتی ہے۔