1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کا طاقتور ترین سمندری طوفان ویتنام سے ٹکرا گیا

7 ستمبر 2024

رواں سال ایشیا کا سب سے طاقتور سمندری طوفان ’یاگی‘ چین کے جنوبی جزیرے ہینان سے ٹکرانے کے بعد آج ہفتے کے روز ویتنام کے شمالی حصے سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/4kO2Y
یاگی کے سبب چلنے والی تیز ہوائیں
تصویر: Zhang Liyun/Xinhua/picture alliance

یاگی نامی یہ طوفان آج ہفتہ سات ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق دن کے ایک بجے ویتنام کے شمالی اضلاع سے ٹکرایا۔ اس وقت اس طوفان کے مرکز کے قریب 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔ ایک دن قبل ہینان میں ٹکرانے کی نسبت اب طوفان کی طاقت نسبتاﹰ کم ہو چکی ہے۔ ہینان میں اس طوفان کے ساتھ 234 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔

سمندری طوفان اسنیٰ کراچی کے ساحل سے ٹل گيا

'بہت خطرناک' طوفان 'بیرل' کیریبین کی طرف بڑھتا ہوا

ویتنام کا ساحلی شہر ہاییفونگ اب تک ان طوفانی ہواؤں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے۔ 20 لاکھ کی آبادی والا یہ شہر ویتنام کا صنعتی مرکز ہے، جہاں غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور مقامی کار ساز کمپنی ون فاسٹ کی فیکٹریاں موجود ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے کچھ حصوں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

ہائیفونگ میں یاگی کے سبب چلنے والی تیز ہوائیں
ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ہوا سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور درختوں کی شاخیں ٹوٹ گئیں۔تصویر: NHAC NGUYEN/AFP

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ہوا سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور درختوں کی شاخیں ٹوٹ گئیں۔

حکام کی طرف سے شہریوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کا کہا گیا تھا جس کی وجہ طوفان کے ٹکرانے کے وقت شہر کی سڑکیں ویران تھیں۔

اس سے قبل ایک کروڑ سے زائد آبادی والے چینی شہر ہینان میں یاگی نامی اس طوفان کے سبب درخت ٹوٹ کر گئے اور سڑکوں پر پانی بھر گیا تھا۔ اس سبب آٹھ لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی تھی۔

ہوائی اڈے بند

ویتنام کی حکومت نے کہا ہے کہ ساحلی قصبوں سے تقریباﹰ 50 ہزار افراد کو نکالا گیا ہے اور قریب ساڑھے چار لاکھ فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

یاگی نامی طوفان کے سبب چینی صوبے ہینان میں تباہی کا منظر
ہینان میں اس طوفان کے ساتھ 234 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔تصویر: CNS/AFP

اس طوفان کے سبب آج ہفتہ کو ویتنام کے چار ہوائی اڈوں پر بھی کئی گھنٹوں کے لیے پروازیں روک دی گئیں۔ ان میں ملک کے شمالی حصے کا مصروف ترین ہنوئی کا ایئرپورٹ نوئی بائی بھی شامل ہے ، جہاں سے 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دارالحکومت ہنوئی سمیت 12 شمالی صوبوں میں ہائی اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب گرم ہوتے سمندروں کی وجہ سے سمندری طوفان زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں سمندری طوفان شانشان آیا تھا جو کئی دہائیوں میں جاپان میں آنے والا سب سے طاقتور طوفان تھا۔

ا ب ا/ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)