1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس عالمی امن تباہ کر رہا ہے، امریکہ

23 ستمبر 2022

امریکہ نے روس پر یوکراین میں جنگی جرائم کا بہ راہ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ پوٹن کو کسی صورت ’بچ نکلنے نہ دے‘۔

https://p.dw.com/p/4HGM4
USA | UN Generalversammlung - Anthony Blinken
تصویر: BRYAN R. SMITH/AFP/Getty Images

امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جمعرات کے روز یوکرین معاملے پر روس پر تنقید میں شدت لاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ روس یوکرین میں جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا، ''پوٹن نے تناؤ میں کمی کی بجائے اضافے کا راستہ اختیار کیا اور یوں ہماری نگاہ میں وہ عالمی امن کو تباہ کرنے کی مرتکب ہو رہے ہیں۔‘‘

روسی منحرفین کو پناہ مل سکتی ہے، جرمنی کا اشارہ

یوکرین کے کئی علاقوں کے روس میں انضمام کے لیے ریفرنڈم شروع

بلنکن کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو بچ نکلنے نہیں دینا چاہیے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی خطاب میں سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے کہا تھا کہ یوکرین میں تازہ پیش رفت ''خطرناک اور پریشان کن‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازعے کے جوہری رخ اختیار کر جانے کی بحث 'سراسر ناقابل قبول‘‘ ہے۔ گوٹیریش نے روس کی جانب سے زیرقبضہ یوکرینی علاقوں میں 'ریفرنڈم‘ کروا کر انہیں روس میں شامل کرنے کے منصبوبے کو بھی 'تشویش ناک‘ قرار دیا تھا۔گوٹیرش نے اپنے خطاب میں یوکرینی جنگ کو 'انسانی حقوق کے خلاف لڑائی‘ پکارا تھا۔ تاہم ان کا یہ بھی اصرار تھا کہ اس بابت ‘غیرجانب دار‘ اور 'ثالثی کے لیے تیار‘ رہنے کی ضرورت ہے۔

یوکرینی شہر میں روسی قبضے کے لرزہ خیز واقعات کی بازگشت

واضح رہے کہ بدھ کے روز روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت روس میں جزوی طور پر عسکری موبلائزشن کا اعلان کیا گیا تھا اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی راہ بھی ہم وار کی گئی تھی۔ پوٹن کا اس موقع پر کہنا تھا، ''اگر ہمارے ملک کی سالمیت خطرے میں پڑتی یے تو ہم یقینی طور پر روس اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام طریقے اختیار کریں گے۔ یہ مذاق نہیں ہے۔‘‘

بلنکن نے اسی تناظر میں کہا کہ سلامتی کونسل روس کو 'ایک واضح پیغام‘ دے کہ وہ ‘جوہری دھکیوں سے مکمل طور پر باز رہے۔

ع ت، ع ب (روئٹرز، اے پی)