1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس: فوجی پریڈ اور پوٹن کے سیاسی عزائم

24 جون 2020

ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں آج سوویت افواج کی نازی جرمنی کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔ لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر پوٹن اس موقعے کو اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3eGHj
Russland Moskau | Militärparade
تصویر: picture-alliance/dpa/I. Pitalev

ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں منعقد ہونے والی پریڈ میں چودہ ہزار فوجی، دو سو سے زائد بکتر بند گاڑیاں اور پچھتر ہوائی جہاز روس کی فوجی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔  تقریب میں شرکت کے لیے تیرہ ملکوں کے اعلیٰ سطحی نمائندے ماسکو پہنچے ہوئے ہیں۔ پریڈ میں بھارت، بیلاروس، آرمینیا اور منگولیا کے فوجی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

یہ پریڈ دوسری عالمی جنگ میں سوویت یونین کے ہاتھوں نازی جرمنی کی شکست کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریبات کا حصہ ہے۔

Russland Moskau Siegesparade 2020
تصویر: Reuters/M. Voskresensky

کورونا کے دوران فوجی پریڈ

دوسری عالمی جنگ کے دوران کوئی دو کروڑ ستر لاکھ سوویت شہری مارے گئے تھے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مطابق اس جنگ کے دوران سوویت افواج کی قربانی اور جیت روسی قوم کے لیے ایک ''مقدس یاداشت‘‘ ہے۔

اس پریڈ کا انعقاد نو مئی کو ہونا تھا لیکن حکومت نے کورونا کو جواز بتا کر اسے ملتوی کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب حکومت کورونا وبا پر ابھی تک قابو نہیں پاسکی، فوجی پریڈ کا انعقاد غیرذمہ داری کا مظاہرہ ہے۔

روس میں روزانہ ہی کورونا کے ہزاروں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ تاہم حکومت کا اصرار ہے کہ ان میں کمی کا رجحان نظر آ رہا ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ تقریبات کے موقع پر حفاظتی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔ 

Russland Moskau | Vladimir Putin während Militärparade
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/S. Pyatakov

جذبہ حب الوطنی

ناقدین کے مطابق ''وکٹری ڈے پریڈ‘‘ کی تقریبات کو ملک میں اہم آئینی تبدیلیوں سے متعلق عوامی رائے دہی سے محض ایک دن پہلے منعقد کرنے کے پیچھے صدر ولادیمیر پوٹن کے سیاسی مقاصد ہیں۔

جمعرات 25 جون کو ملک گیر ووٹنگ میں اگر صدر پوٹن کی تجویز کردہ ترامیم منظور ہو جاتی ہیں تو وہ مزید سولہ سال اقتدار میں رہ سکیں گے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ حکومت نے پریڈ کے لیے سوچ سمجھ کر آج کے دن کا انتخاب کیا اور اس کا مقصد ووٹنگ سے پہلے لوگوں میں جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ پوٹن کے اقتدار میں طوالت کے حق میں ووٹ دیں۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق صدر پوٹن کی عوامی مقبولیت میں کمی آئی ہے، تاہم روس کے سیاسی نظام پر اب بھی ان کی گرفت مضبوط ہے۔ قوی امکان ہے کہ انہیں کل کے ووٹ میں مطلوبہ نتائج حاصل ہو جائیں گے۔

 

ش ج، ا ب ا (روئٹرز، ڈی پی اے)