1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کی چین سے مدد کی درخواست، امریکہ کا چین کو انتباہ

14 مارچ 2022

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس نے چین سے معاشی اور فوجی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ روس چینی فوجی آلات کو یوکرین پر کیے جانے والے حملوں میں استعمال کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/48RdM
Symbolbild | Flaggen Russland China
تصویر: daniel0Z/Zoonar/picture alliance

روس کی چین سے امداد فراہم کرنے کی درخواست کی مناسبت سے وائٹ ہاؤس نے چین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے روس کو پابندیوں سے بچنے کے لیے مدد فراہم کی تو اسے بھی شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ چین کی جانب سے ابھی تک روسی درخواست اور امریکی انتباہ پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پیر چودہ مارچ کو اطالوی دارالحکومت روم میں امریکی و چینی سفارت کاروں کی ایک اہم ملاقات ہونے والی ہے۔

سرد جنگ کے بعد نیٹو کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع

امریکی چینی حکام کے بیانات

ذرائع کے مطابق ماسکو نے مغربی حکومتوں کی سخت پابندیوں کے تناظر میں بھی چینی حکومت سے براہِ راست امداد طلب کی ہے۔

Vladimir Putin zu Besuch in Peking Flash-Galerie
روسی وزیر اعظم پوٹین چین کے دورے پر گارڈ آف آنر پیش کرنے والے فوجی دستے کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: dapd

ایک امریکی اہلکار نے شناخت مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کی امداد کی یہ درخواست حالیہ ایام میں روس کی جانب سے کی گئی ہے۔ اس درخواست میں چینی فوجی آلات بھی طلب کیے گئے ہیں تا کہ ماسکو یوکرین میں اپنی جاری جنگی مہم کو مزید تقویت دے سکے۔

اس مناسبت سے جب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں چینی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا تو وہاں کی ترجمان کیو پینگیُو نے صاف صاف جواب دیا کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں سنا ہے۔ چینی سفارت خانے کی ترجمان نے مزید کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی جنگ سے پریشان ہے اور اس کوشش میں ہے کہ اس کا دائرہ مزید وسعت اختیار نہ کرے۔

روس کا یورپی یونین کی سرحد کے قریب پہلا حملہ، 35 افراد ہلاک

امریکی اور چینی بات چیت

امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے دفتر کی ترجمان ایمیلی ہورن نے بتایا کہ امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان اور اعلیٰ چینی سفارت کار یانگ جیائچی پیر چودہ مارچ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مسابقتی عمل کے موضوع پر گفتگو کریں گے۔

Biden
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوانتصویر: Manuel Balce Ceneta/AP Photo/picture alliance

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ روم میں ہونے والی ملاقات میں دوںوں اہلکار یوکرین میں روسی جنگ کے علاقائی اور عالمی اثرات پر بھی توجہ مرکوز کریں گے۔

یوکرینی شہر خیرسون میں روسی قبضے کے بعد زندگی کے معمولات

قبل ازیں نیوز چینل سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان کا کہنا تھا کہ چین کو سرکاری اور نجی طور پر مطلع کر دیا گیا ہے کہ ایسا کرنے کے شدید نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ اس انٹرویو میں جیک سولیوان نے یہ بھی کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ روس کی امداد جاری رکھنے کے سخت نتائج کسی بھی ملک کو برداشت کرنا پڑیں گے۔

ع ح/ ع ا (اے پی، اے ایف پی)