1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس یوکرین جنگ: سعودی عرب امن مذاکرات کا میزبان

5 اگست 2023

سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہفتے کے روز سے یوکرین کی جنگ کے سلسلے میں مذاکرات کے لیے دو روزہ اجلاس کا آغار ہو گیا۔ ان مذاکرات میں چالیس ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4UoaT
Saudi Arabien Wolodymyr Selensky und Prinz Badr bin Sultan bin Abdulaziz
تصویر: STR/AFP

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کے پہلے دن کے ایجنڈا میں عشائیہ پر دو گھنٹے کے مذاکرات سے پہلے تین گھنٹوں  تک مختلف وفود کے نمائندوں کے بیانات کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

عرب بادشاہت سعودی عرب  کی میزبانی میں جدہ شہر میں یوکرین کے بحران کے موضوع پر بلائے گئے اس اجلاس کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ یوکرینی صدارتی دفتر کے سربراہ آندری یرماک نے جمعہ کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ بات چیت آسان نہیں ہوگی۔ تاہم ان کا کہنا تھا، ’‍’لیکن سچائی ہماری طرف ہی ہوگی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں بہت سے اختلافات ہیں اور ہم نے بہت سے موقف بھی سنے ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے اصولوں کو دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔‘‘ یرماک جدہ می‍‍‍ں منعقدہ اجلاس میں کییف کے وفد کے سربراہ بھی ہیں۔ اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’ہمارا کام پوری دنیا کو یوکرین کے گرد متحد کرنا ہے۔‘‘

یہ اجلاس آج ہفتہ پانچ اگست کی سہ پہر بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں شروع ہوا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام 40 ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں اور دیگر سینیئر سیاسی اور سفارتی حکام شریک ہیں۔ تاہم اس اجلاس میں روس شریک نہیں ہے۔

کییف حکومت پُر اُمید ہے کہ ان مذاکرات کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے آئے گا اور یوکرین روس جنگ کے خاتمے کے لیے یوکرین کے اتحادی کییف کے کلیدی اصولوں سے اتفاق کرتے ہوئے اس سنگین صورتحال میں بہتری لانے پر کسی اتفاق تک پہنچیں گے۔

انٹونی بلنکن کا دورہ سعودی عرب
جون میں امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھاتصویر: Amer Hilabi/Pool/AP/picture alliance

جدہ میٹنگ جون میں کوپن ہیگن میں ہونے والی بات چیت کے بعد ہو رہی ہے تاہم اس کا کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سعودی شہر میں واشنگٹن کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اگرچہ واشنگٹن کو ہفتہ کے اجلاس سے کوئی بڑی پیش رفت یا مشترکہ بیانات سامنے آنے کی توقع نہیں ہے، لیکن سفارت کاروں نے اس کی بجائے کہا کہ یوکرین کے زیر اہتمام ہونے والی میٹنگوں کا مقصد امن کی راہ کے بارے میں کئی ممالک کو بحث میں شامل کرنا تھا۔ خاص طور پرBRICS  بلاک کے ان ممبران کو جنہوں نے مغربی طاقتوں کے مقابلے میں روس کی جنگ پر زیادہ غیر جانبدارانہ موقف اپنایا ہے، انہیں ان مذاکرات میں شامل کر کے اس امر کا قائل کیا جائے کہ وہ روس کی مذمت کرتے ہوئے یوکرین کی ساتھ اُس کی جنگ کو بند کروائیں۔

 

یوکرین جنگ میں یہ محاذ اہم کیوں ہے؟

یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی کے دفتر نے کہا کہ ملاقات میں ان کے 10 نکاتی امن فارمولے پر توجہ مرکوز کی جائے گی جس میں یوکرین کی سرزمین سے روسی فوجیوں کے مکمل انخلاء کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ اس میںیوکرین  کی سرحدوں کی بحالی کا مطالبہ بھی شامل ہے، بشمول کریمیا کا علاقہ، جس کا روس نے 2014 ء سے الحاق کر رکھا ہے۔

روس ماضی میں کہہ چکا ہے کہ کسی بھی مذاکرات میں ''نئے علاقائی حقائق‘‘ کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

چین نے جمعہ کو اعلان کیا کہ وہ 'یوریشین‘ امور کے لیے اپنے خصوصی نمائندے لی ہوئی کو بھیجے گا۔

2022 ء میں جرمن چانسلر جدہ کے دورے پر
گذشتہ برس جرمن چانسلر اولاف شولس نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھیتصویر: Saudi Press Agency /AP/picture alliance

اُدھر بھارت اور جنوبی افریقہ نے بھی حکام کو جدہ بھیجا ہے، جبکہ برازیل کے میڈیا نے بتایا کہ صدر لوئیز اناسیو لولا ڈے سلوا کے بین الاقوامی امور کے خصوصی مشیر سیلسو اموریم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جدہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعے کو خطاب کرتے ہوئے یوکرینی صدر زیلنسکی نے ان ترقی پذیر ممالک کی شرکت کا خیرمقدم کیا جو جنگ کی وجہ سے خوراک کی قیمتوں میں اضافے سے سخت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ''یہ بہت اہم ہے، کیونکہ غذائی تحفظ جیسے مسائل پر، افریقہ، ایشیا اور دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگوں کی قسمت کا براہ راست انحصار اس بات پر ہے کہ دنیا امن کے فارمولے کو نافذ کرنے کے لیے کتنی تیزی سے آگے بڑھتی ہے۔‘‘

یاد رہے کہ مئی میں، سعودی مملکت نے جدہ میں عرب سربراہی اجلاس میں زیلنسکی کی میزبانی کی تھی جہاں انہو‍‍ں نے کچھ رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ روس  کے حملے کی ہولناکیوں کی طرف ''آنکھیں بند‘‘ کیے ہوئے ہیں۔

برمنگھم یونیورسٹی میں سعودی سیاست کے ماہر عمر کریم نے کہا کہ ریاض نے ایک ''کلاسک توازن کی حکمت عملی‘‘ اپنائی ہے جو اس ہفتے کے آخر میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں روس کے ردعمل کو نرم کر سکتی ہے۔

سعودی تجزیہ کار علی شہابی کا کہنا ہے، ’’یہ مذاکرات یوکرین، روس اور چین کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کی سعودی عرب کی کثیر القطبی حکمت عملی کی کامیابی کی ایک اہم مثال ہے۔‘‘

اُدھر انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے مشرق وسطیٰ کے پروگرام ڈائریکٹر جوسٹ ہلٹر مین کا کہنا ہے، ’’ریاض آگے بڑھنا چاہتا ہے، بھارت یا برازیل کی صحبت میں رہنا چاہتا ہے، کیونکہ صرف ایک کلب کے طور پر یہ درمیانی طاقتیں عالمی سطح پر اثر ڈالنے کی امید کر سکتی ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’آیا وہ تمام چیزوں بشمولیوکرین کی جنگ جیسے امور پر متفق ہو سکیں گے، یہ ایک بڑا سوال ہے۔‘‘

ک م/ ا ب ا(اے ایف پی)