1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی ہیکرز نے امریکی صدر کی ای میلز پڑھیں، نیو یارک ٹائمز

مقبول ملک26 اپریل 2015

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی اطلاعات کے مطابق گزشتہ برس روسی ہیکرز‍ امریکی صدر باراک اوباما کی ای میلز پڑھنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ یہ ہیکرز یا تو ماسکو حکومت کے قریب تھے یا پھر اس کے لیے کام کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/1FF9T
تصویر: picture-alliance/dpa/Oliver Berg

نیو یارک سے اتوار 26 اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق نیو یارک سے شائع ہونے والے اس روزنامے نے لکھا ہے کہ یہ روسی ہیکرز اگرچہ امریکی صدر کی ای میلز تک پڑھنے میں کامیاب ہو گئے تاہم وہ اپنے سائبر حملوں کے ساتھ اس خفیہ کمپیوٹر تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے، جس کے ذریعے صدر اوباما کے بلیک بیری طرز کے موبائل ٹیلی فون سے آنے جانے والے تحریری پیغامات پر سکیورٹی وجوہات کی بناء پر نظر رکھی جاتی ہے۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ امریکی حکومت کے اعلٰی اہلکاروں نے اسی مہینے کے آغاز پر تسلیم کیا تھا کہ گزشتہ برس کے اختتام پر ایسا ’ایک سائبر واقعہ‘ پیش آیا تھا۔ اب اس بارے میں نیو یارک ٹائمز نے اوباما انتظامیہ کے انتہائی اعلٰی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ’سائبر واقعہ‘ اس سے ’کہیں زیادہ پریشانی کا باعث‘ تھا، جتنا کہ اس بارے میں عوامی سطح پر تسلیم کیا گیا تھا۔

اس امریکی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق روسی ہیکرز نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے ان کارکنوں کی ای میلز کی آرکائیوز تک رسائی حاصل کر لی تھی، جن کے ساتھ صدر باراک اوباما باقاعدگی سے پیغامات کا تحریری تبادلہ کرتے تھے۔ جریدے کے مطابق ان آرکائیوز میں سے یہ روسی ہیکرز ان ای میلز کو دیکھنے کے قابل رہے ہوں گے، جو صدر اوباما نے لکھی تھیں یا جو ان کو بھیجی گئی تھیں۔

Obama Portrait Nachdenklich 24.11.2014
یہ واضح نہیں ہے کہ روسی ہیکرز نے امریکی صدر کی کتنی ای میلز پڑھی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Michael Reynolds

نیو یارک ٹائمز نے مزید لکھا ہے کہ یہ ہیکرز وائٹ ہاؤس اور امریکی وزارت خارجہ کے صرف ان کمپیوٹر نظاموں تک رسائی حاصل کر سکے تھے، جو خفیہ نہیں تھے، ’’وہ کمپیوٹر سسٹم ہیک نہیں ہوئے تھے، جنہیں ’خفیہ نیٹ ورک‘ قرار دیا گیا تھا۔‘‘

دوسری طرف یہ بات بھی اہم ہے کہ وائٹ ہاؤس کے وہ کمپیوٹر سسٹم بھی، جنہیں ’کلاسیفائید‘ قرار نہ دیا گیا ہو، ایسی الیکٹرانک معلومات کے حامل ہوتے ہیں جو ’انتہائی حساس‘ ہوتی ہیں۔ ان کمپیوٹرز پر دستیاب معلومات میں مثال کے طور پر صدر اوباما کی مصروفیات کا شیڈول، دوسرے ملکوں میں امریکی سفیروں اور دیگر اعلٰی سفارت کاروں کو لکھی گئی ای میلز، حکومتی اہلکاروں سے متعلق معلومات اور نئی قانون سازی کے منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہوتی ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ روسی ہیکرز نے امریکی صدر کی کتنی ای میلز پڑھیں۔ تاہم نیو یارک ٹائمز نے ایک انتہائی اہم حکومتی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ اس ہیکنگ کا ’روسی پہلو‘ خاص طور پر باعث تشویش ہے۔