1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روی چندرن ایشون کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کا ایلیٹ اعزاز

16 فروری 2024

بھارتی آف سپنر بولر روی چندرن ایشون ٹیسٹ کیریئر میں پانچ سو وکٹیں حاصل کرنے والے 9ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز آسٹریلیا کے خلاف راج کوٹ میں جاری ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/4cUk1
Cricket Asia Cup | Afghanistan - Indien
تصویر: Ryan Lim/AFP/Getty Images

روی چندرن ایشون بھارت کے دوسرے باؤلر ہیں، جنہوں نے ٹیسٹ میچوں میں پانچ سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ 37 سالہ ایشون سے قبل بھارت کے لیے انیل کومبلے نے ٹیسٹ میچوں میں یہ اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کیا تھا۔ کومبلے نے 132 میچ کھیلنے کے بعد 619 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دنیائے ٹیسٹ میں ابھی تک صرف آٹھ باؤلرز نے پانچ سو وکٹیں گرانے جیسا کارنامہ سر انجام دے رکھا تھا اور اب پیشے کے لحاظ سے آئی ٹی انجنیئر ایشون ایسے نویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جنوبی بھارتی شہر چنئی سے تعلق رکھنے والے ایشون نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور آئی ٹی انجنیئرکیا تھا لیکن بعد ازاں کرکٹ کا ٹیلنٹ اورجنون انہیں بھارتی قومی کرکٹ ٹیم میں لے آیا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں بھارتی شہر راج کوٹ میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جب ایشون نے انگلش اوپنر زاک کراؤلی کو آؤٹ کر کے پانچ سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تو اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر ایشون کو مبارک باد دی۔

ایشون نے سن 2011 میں عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ وہ سن 2013 میں بھی اس بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے، جس نے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

سن دو ہزار پندرہ اور سولہ کے سیزن میں ایشون نے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں اڑتالیس اور انیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ستائیس وکٹیں گرائیں تھیں، جس کی وجہ سے انہیں سال کا بہترین کرکٹر قرار دیا گیا تھا۔

سن 2011 میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ایشون اٹھانوے ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے بیسٹ فیگر 7-59 کے ساتھ چونتیس مرتبہ کسی ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پانچ سو وکٹیں حاصل کرنے والے دیگر کھلاڑی کون ہیں؟

پاکستان کا کوئی بھی باؤلر ٹیسٹ میچوں میں ابھی تک پانچ سو وکٹیں حاصل نہیں کر سکا ہے۔ پاکستان کی طرف سے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں گرانے والے باؤلر وسیم اکرم ہیں، جنہوں نے 414 مرتبہ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی۔

دوسرے نمبر پر 373 وکٹوں کے ساتھ فاسٹ باؤلر وقار یونس جبکہ تیسرے نمبر پر سابق اسٹار کرکٹر عمران خان ہیں، جنہوں نے 362 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کامیاب باؤلر سری لنکا کے آف سپنر مرلی دھرن ہیں، جنہوں نے 133 ٹیسٹ میچوں میں آٹھ سو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے بعد 145 میچوں میں سات سو آٹھ وکٹوں کے ساتھ آسٹریلیا کے آنجہانی لیگ سپنر شین وارن ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن ہیں، جنہوں نے 184 ٹیسٹ میچوں میں 696 وکٹیں حاصل کیں۔ توقع ہے کہ وہ شین وارن کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

چوتھے نمبر پر 132 ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے آف اسپنر انیل کومبلے(619)، پانچویں نمبر پر 167 ٹیسٹ کھیلنے والے انگلش فاسٹ باؤلر اسٹیورٹ براڈ (604)، چھٹے نمبر پر 124 میچ کھیلنے والے آسٹریلیا کے گیلن میگرا (563)، ساتویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کے لیے 132 ٹیسٹ کھیلنے والے کورٹنی والش (519)، آٹھویں نمبر پر آسٹریلوی آف سپنر نیتھن لاین (517) ہیں جنہوں نے 127 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ نویں پر بھارتی آف سپنر روی چندرن ایشون ہیں۔