1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زرداری کی درخواست پر تفتیشی رپورٹ کا اجراء مؤخر

31 مارچ 2010

پاکستانی صدر آصف علی زرداری کی درخواست پر سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کی تفتیشی رپورٹ کا اجراء 15 اپریل تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MidM
تصویر: AP

بے نظیر کے قتل کی تحقیقات پر مبنی اقوام متحدہ کی یہ حساس رپورٹ بدھ کو سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پیش کی جانی تھی۔ رپورٹ کا اجراء ملتوی کرنے کا اعلان تحقیقاتی کمیشن کی پریس کانفرنس سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔

عین اسی موقع پر اقوام متحدہ نے پاکستان میں سلامتی کو درپیش مبینہ خطرات کے پیش نظر اپنے دفاتر تین روز تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے 2000 ہزار کے برابر عملے کو گھروں پر رہ کر دفتری کام نمٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

Pakistan Präsident Zardari
عالمی ادارے کے مطابق تفتیشی رپورٹ صدر آصف زرداری کی درخواست پر مؤخر کی گئی ہےتصویر: Abdul Sabooh

اس کمیشن کی سربراہی اقوام متحدہ میں چلی کے سفیر Heraldo Munoz کررہے تھے جبکہ دیگر دو ارکان انڈونیشیا کے سابق اٹارنی جنرل Marzuki Darusman اور آئرلینڈ کے سابق پولیس عہدیدار Peter Fitzgerald تھے۔

یو این کے متعین کردہ خود مختار کمیشن نے جولائی 2009ء میں اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔ یو این کے ترجمان Martin Nesirky کے بقول بان کی مون نے پاکستانی صدر کی ہنگامی اپیل کو منظور کرتے ہوئے رپورٹ کا اجراء 15 اپریل تک ملتوی کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ تحقیقاتی رپورٹ پاکستان کے حوالے اس وقت تک نہیں کی جائے گی جب تک بان کی مون خود اس کا مطالعہ نہ کرلیں۔

عالمی ادارے کے ترجمان کے مطابق تحقیقاتی کمیشن نے بے نظیر کے قتل سے متعلق تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی ہے جو اب بالکل مکمل ہوچکی ہے۔

رواں سال فروری کے اواخر میں تحقیقاتی کمیشن نے صدر زرداری سے ملاقات کی تھی۔ کمیشن نومبر میں سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے بھی پوچھ گچھ کرچکا ہے۔

Präsident Pervez Musharraf bei einer Fernsehansprache Pakistan
دو جون 2008 کو نشریاتی خطاب میں صدر جنرل پرویز مشرف نے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات میں معاونت لینے کا اعلان کیا تھاتصویر: AP/Pakistan Press Information Department

اقوام متحدہ کا کمیشن واضح کرچکا ہے کہ ان کا دائرہ اختیار حقائق جانچنے کی حد تک محدود ہے اور یہ مجرم کی کھوج طرز کی تفتیش نہیں۔ خیال رہے کہ بے نظیر کے قتل کی تحقیقات میں برطانیہ کے مشہور زمانہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی حصہ لیا اور دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی مرحوم سربراہ کی ہلاکت کا سبب حملہ آور کی گولی نہیں بنا بلکہ خودکش حملے کے باعث ان کے سر کا پچھلا حصہ گاڑی سے ٹکرانا مہلک ثابت ہوا۔

مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کا اعزاز پانے والی بے نظیر کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں پہلے گولیوں کے وار کرکے اور بعد میں خودکش حملہ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ بھٹو کے حامیوں نے اس وقت پاکستان میں جنرل پرویز مشرف کی حکومت کے تحت تحقیقات پر عدم اعتماد ظاہر کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد مٹادئے جانے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں