1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیرسمندر سرنگ میں فائرالرٹ، ریل شیڈول متاثر

15 مئی 2010

زیرسمندر سرنگ ’چینل ٹَنل‘ میں ہفتہ کی صبح فائرالرٹ کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کچھ دیر کے لئے معطل ہو گئی۔ اس سرنگ کا ایک حصہ ابھی تک بند ہے، جس کی وجہ سے پیرس اور لندن کے درمیان سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/NOsb
تصویر: AP

برطانیہ میں کینٹ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح چینل ٹَنل میں دھوئیں کا الارم بجا، جس کے بعد وہاں سے گزرنے والی ایک مال بردار ریل گاڑی پر سوار 30 افراد کو نکالا گیا۔ انہوں بتایا کہ اس ریل گاڑی پر 25 ٹرک لے جائے جا رہے تھے۔

Eurostar Kanaltunnel Panne
ہفتہ کو یورو اسٹار کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہےتصویر: AP

تاہم حکام نے معائنے کے بعد اعلان کیا کہ چینل ٹَنل میں آگ نہیں لگی۔ یورو ٹَنل کے ترجمان کے مطابق سرنگ سے گزرنے والی ایک شٹل سے دھواں پیدا ہوا گیا، جس کے دس منٹ میں اس کے تمام مسافروں کو سروس ٹَنل میں منتقل کر دیا گیا۔

تاہم کچھ ہی دیر بعد شمالی سرنگ میں تیزترین مسافر ٹرین یورو اسٹار کی سروس بحال کر دی گئی جبکہ سرنگ کا جنوبی حصہ ہفتہ کو شام تک بحال ہو جائے گا۔ یورو ٹَنل کے ترجمان کے مطابق شَٹل کا تکنیکی معائنہ جاری ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یورو اسٹار اور شٹلز ٹریفک بحال کی جا چکی ہے۔ تاہم یورو اسٹار نے اپنے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ اس کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی ریل کمپنی SNCF کے مطابق یورو اسٹار کی نو ٹرینیں 50 منٹ سے تین گھنٹے تک کی تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ پیرس میں ’گارے دُو نارڈ‘ ریلوے اسٹیشن پر یورو اسٹار کے منتظر مسافروں کی تعداد چار سو تک بتائی جا رہی ہے۔

Euro Star, Model
فاسٹ ٹرین یورو اسٹار فرانس اور برطانیہ کے درمیان سروس فراہم کرتی ہےتصویر: AP

قبل ازیں بیلجیئم کے خبررساں ادارے بیلگا کے مطابق اس سرنگ سے گزرنے والی ٹرینیں ہفتہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق عالمی وقت کے مطابق سوا چھ بجے بند کر دی گئی۔ بیلگا نے یہ خبر بیلجیئم میں ریلوے انتظامات کے لئے ذمہ دار ادارے انفرابیل کے حوالے سے دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام سرنگ میں آگ لگنے کے باعث کیا گیا۔

بعدازاں اس سرنگ کے ذریعے پیرس، برسلز اور لندن کو ملانے والی تیز ترین ٹرین سروس ’یورو اسٹار‘ نے تصدیق کی کہ چینل ٹَنل میں خرابی کے باعث اس کی سروسز معطل ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ آگ لگنے کے وقت سرنگ سے کوئی ٹرین نہیں گزر رہی تھی۔

چینل ٹنل میں ٹرینوں کی آمدورفت کے لئے دو سرنگیں ہیں، جنہیں دو مقامات پر عبور کیا جا سکتا ہے۔ یہ سرنگ 50 کلومیٹر طویل ہے، جو انگلینڈ کے جنوبی مشرقی علاقے کینٹ سے شروع ہوتی ہے۔ اس کا افتتاح 1994ء میں کیا گیا تھا اور اسے زیرسمندر قائم دُنیا کی طویل ترین سرنگ قرار دیا جاتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ