1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیرسمندر فائبرآپٹک تار بچھانے کا روسی منصوبہ

8 اگست 2021

روسی حکومت کے ایک منصوبے کے مطابق آرکٹک خطے میں زیرسمندر فائبرآپٹک تار بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے ملک کے دور افتادہ لیکن ہائیڈروکاربن وسائل سے مالامال علاقوں تک انٹرنیٹ پہنچایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3yhVe
Ostsee North Stream 2 | Verlegeschiff
تصویر: picture-alliance/dpa/U. Baumgarten

اس سے قبل ایک نجی ادارے نے اس سلسلے میں ایک منصوبے کا آغاز کیا تھا، تاہم یہ منصوبہ رک گیا۔ اب روسی حکومت نے خود فائبرآپٹک وائر کے ذریعے ملک کے شمالی حصوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کرنے کے منصوبے پر عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ روس نے حالیہ کچھ برسوں میں مل کے شمالی حصے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے خاصا کام کیا ہے اور وہاں روسی فوج کی موجودگی میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روس مل کے شمالی سمندری راستے کو بہتر بناتے ہوئے اسے ایک شپنگ راستے کے بطور استعمال کر رہا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ فائبرآپٹک تار کا یہ منصوبہ 2026 ء  تک مکمل ہو جائے گا۔ یہ مجموعی طور پر ایک طرف بحیرہء بیرنٹس کے کنارے قائم گاؤں تیریبیرکا سے شروع ہو گا اور ملک کی شمالی سمندری پٹی کے ساتھ ساتھ 12 ہزار چھ سو پچاس کلومیٹر دور روس کی مشرقی بندرگاہ ولادووسٹوک تک جائے گا۔

اس منصوبے کو "پولر ایکسپریس" کا نام دیا گیا ہے جسے ریاستی ملکیتی ادارے مورس ویاسشپٹنِک کے زیرانتظام چلایا جائے گا۔ اس کا کام آرکٹک کے علاقے میں ایک مستحکم انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

تار بنانے اور بچھانے کے اس کام میں مصروف ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 889 ملین امریکی ڈالر خرچ ہوں گے اور اس کے لیے تمام تر سرمایہ ریاست فراہم کرے گی۔

یہ تار آرکٹک خطے کے شہر مورامانسک میں چینی آپٹیکل فائبر اور روسی اجزاء کے ذریعے تیار کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز سے اس کے بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کو عالمی کمیونیکشن کیبل نیٹک ورک سے جوڑنے کے لیے تاہم اضافی کنیکشن درکار ہوں گے اور اس کے لیے ممکنہ طور پر غیرملکی سرمایہ کاری پر تکیہ کیا جائے گا۔

یہ بات اہم ہے کہ اس سے قبل روسی ٹیلی کام ادارے میگافون نے فینیش انفراسٹرکچر ادارے سینیا کے ساتھ مل کر "آرکٹک کنکٹ" نامی منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس ایک ارب ڈالر مالیت کے منصوبے کے تحت ہیلسنکی اور ٹوکیو کو بذریہ روس ملایا جانا تھا، تاہم مئی میں یہ منصوبہ روک دیا گیا تھا۔

 ع ت/ ک م (روئٹرز)