1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سائبر خلافت‘ کا ’سائبر جہاد‘

کشور مصطفیٰ13 جنوری 2015

انتہا پسند تنظیم ’آئی ایس آئی ایس‘ کے ساتھ ہمدردی رکھنے والوں نے پیر کو مشرق وسطیٰ میں فوجی آپریشنز کی نگرانی کرنے والی امریکی سنٹرل کمان کے ٹوئٹر اور یو ٹیوب اکاؤنٹس ہیک کر لیے۔

https://p.dw.com/p/1EJR9
تصویر: Reuters/Screenshot Twitter

ان ہیکرز کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکی بمباری کا نشانہ بننے والے آئی ایس جنگجوؤں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے طور پر کیا گیا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کی ٹوئیٹ فیڈ پر ہیکرز نے جو پیغام پوسٹ کیا، اُس میں درج ہے، ’امریکی فوجیو، ہم آ رہے ہیں، اپنی پشت پر دیکھو، آئی ایس‘۔ ہیکرز کے اس گروپ نے انتہا پسند اسلامی گروپ کے نام کی جگہ ایک متبادل نام استعمال کرتے ہوئے یہ پیغام پوسٹ کیا ہے۔

امریکی خفیہ ادارہ ایف بی آئی اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ دریں اثناء امریکی حکام نے یہ اعتراف کیا ہے کہ ہیکرز نے امریکی ہائی کمان کے ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹس کو قریب 30 منٹ تک اپنی کارروائی کا نشانہ بنائے رکھا، جو باعثِ شرم ضرور تھا لیکن یہ کہ اس دوران کوئی زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔

پینٹاگون کے ایک ترجمان کرنل اسٹیو وارن نے ایک بیان میں کہا، ’یہ تکلیف دہ اور جھنجلاہٹ کا سبب بننے والا عمل ضرور ہے تاہم اس ٹوئٹ پیغام کے ذریعے ہیکرز کسی بھی طرح کی حساس یا خفیہ معلومات تک نہیں پہنچ پائے‘۔

اُدھر امریکی دفاعی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ، ’ہیکرز کی کارروائی سے فعال ملٹری نیٹ ورک پر یا اس کی سرگرمیوں پر کوئی اثرنہیں پڑا ہے‘۔

China USA Cyberspionage FBI Kombobild
چین کی طرف سے امریکا کی سائبر جاسوسیتصویر: Reuters/FBI

مشرق وسطیٰ میں امریکا اور اُس کی بین الاقوامی اتحادی فورسز کی طرف سے اسلامک اسٹیٹ پر فضائی حملے کیے جاتے رہے ہیں۔

امریکی سنٹرل کمانڈ کے ٹوئٹر اور یو ٹیوب اکاؤنٹس ہیک کر نے کے بعد ٹوئیٹ فیڈ پر پوسٹ کیا جانے والا پیغام کچھ یوں تھا، ’خُدائے بزرگ و برتر کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے، سائبر خلافت اپنا سائبر جہاد جاری رکھے گی‘۔

اس ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکی جرنیلوں اور اُن سے متعلق پتوں کی ایک فہرست شائع کی گئی ہے اور اس کا عنوان ہے، ’آرمی جنرل آفیسر پبلک روسٹر 2 جنوری 2014 ء‘۔ اس فہرست میں عہدوں کے حساب سے فوجیوں کے نام درج کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد کی پوسٹ میں درج ہے، ’پینٹاگون نیٹ ورک ہیک ہو گیا! چینی منظر نامہ، پینٹاگون نیٹ ورک ہیک ہو گیا! کوریائی منظر نامہ‘۔

Symbolbild China Hackerangriff auf US Firmen 20.05.2014
امریکا اور چین کے مابین سائبر جاسوسی ایک بڑا نزع کا موضوع ہےتصویر: Reuters

نیوز ایجنسی روئٹرز نے ہیکرز کی طرف سے جاری کردہ چند دستاویزات کا جائزہ لیا ہے تاہم کسی سے بھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ امریکی نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے کوئی خفیہ معلومات حاصل کی گئی ہیں۔

ہیکنگ کے بعد امریکی سنٹرل کمانڈ کے ٹوئیٹ اکاؤنٹ پر سفید اور کالے ہیڈ اسکارف کے ساتھ ایک شکل پوسٹ کی گئی اور ساتھ یہ الفاظ درج تھے، ’سائبر خلافت‘ اور ’آئی ایس آئی ایس، میں تم سے محبت کرتا ہوں‘۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں