سائیکل پر یورپ کی سیاحت
یورو ویلو سائیکل نیٹ ورک سائیکلنگ کے شوقین افراد کو ستر ہزارکلومیٹر سےطویل فاصلے کے سائیکلنگ روٹس فراہم کرتا ہے۔ یہ تمام روٹس نا صرف تاریخی اعتبار سے بہت اہم ہیں بلکہ ان کی جمالیاتی خوبصورتی کا بھی جواب نہیں۔
بحیرہ اوقیانوس کے ساحل کے ساتھ سائیکلنگ کا شاندار روٹ
یوروویلو، ون یا (ای وی 1) 8,186 کلومیٹر طویل ہے۔ یہ یورپ کے شمالی ترین مقام ناروے کے نورڈکاپ سے پرتگال کے جنوبی ترین مقام سگریس تک پھیلا ہوا ہے۔ چٹانوں، خوابیدہ پگڈنڈیوں، ٹیلوں اور تنہا ساحلوں کی خاموشی کا حامل یہ سائیکلنگ روٹ آنکھوں کے لیے ایک دعوت نظارہ ہے۔
بحر اوقیانوس سے بحیرہ اسود تک
ای وی 6 مغرب سے مشرق تک یورپ بھر میں چھ دریاؤں، 10 ممالک سے گزرتا ہوا 3653 کلومیٹر طویل روٹ ہے۔ یہ راستہ فرانس کے شہر نانت سے شروع ہوتا ہے اور دریائے ڈینیوب کے راستے رومانیہ میں بحیرہ اسود کے ساحل تک جاتا ہے۔ وادی لوار کے راستے میں قلعوں کی قطاریں ہیں، جو 2000ء سےعالمی ورثے کی یونیسکو کی فہرست میں شامل ہیں۔
زائرین کا راستہ
پیدل چلنے کے راستے اکثر سائیکل سواروں کے کام بھی آتے ہیں۔ زائرین کا راستہ صدیوں سے سیپیوں کے نشانات کا حامل ہے۔ اسے ای وی 3 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ناروے کے علاقے ٹرونہائیم سے شروع ہوتا ہے اور ہسپانوی علاقے سانتیاگو ڈی کومپوسٹیلا تک جاتا ہے جو مسیحی زائرین کے لیے اہم ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ ہر سال لاکھوں لوگ اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔
دارالحکومتوں کا روٹ
سات ممالک، سات دارالحکومت، آئرلینڈ سے روس تک۔ پورا راستہ ایک انوکھے تصور کی طرح لگتا ہے۔ 5500 کلومیٹر طویل یہ روٹ پولینڈ، بیلاروس اور روس کے درمیان پھیلا ہوا ہے۔ آئرلینڈ کے علاقے گالوے سے یہ راستہ برسٹل سے ہوتا ہوا برطانوی دارالحکومت لندن جاتا ہے۔
براستہ رومیا فرانسیجینا
ایک ہزار سال سے زائد عرصہ قبل کینٹربری کے آرچ بشپ سگیرک دی سیریس نے پوپ سے اپنی طاقت ’’پالیم‘‘ حاصل کرنے کے لیے روم کا سفر کیا تھا۔ رومیا فرانسیجینا پانچ ممالک سے گزر کے اٹلی میں ختم ہوتا ہے۔ یہ راستہ اتنا ہی خوبصورت ہے جتنا کہ کٹھن ہے، خاص طور پر جب کوہ آلپس کو سوئٹزرلینڈ میں باسل کے قریب گوٹہارڈ درے کے ذریعے عبور کیا جاتا ہے۔
دریائے رائن سے بحیرہ شمالی تک
آلپس میں دریائے رائن کے ماخذ سے یوروویلو 15 (ای وی 15) یورپ کی ایک اہم آبی گزرگاہ کے ساتھ 1230 کلومیٹر دور ڈچ شہر روٹرڈیم تک جاتا ہے۔ ای وی 15 ان چراہ گاہوں کو عبور کرتا ہے جو رائن کے بالائی علاقوں میں ایک قطار کی شکل میں اپر مڈل رائن ویلی کے رومانوی قلعوں سے گزرتی ہیں۔
بحیرہ بالٹک کا سائیکل روٹ
بحیرہ بالٹک سائیکل روٹ بالٹک ساحل کے ساتھ 7980 کلومیٹر طویل ہے۔ اس کی ابتدا اور اختتام روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں ہوتا ہے۔ راستے میں سائیکل سواروں کا مقابلہ قرون وسطیٰ کی طاقتور ہانسیٹک لیگ کے شہروں سے ہوتا ہے۔ یہ راستہ یونیسکو کے جرمنی میں عالمی ورثہ قرار دیے گئے مقامات وسمار اور سٹرالزُنڈ سے گزرتا ہے۔ زیر نظر تصویر میں ہانسیٹک دور کا مخصوص فن تعمیر دکھایا گیا ہے۔
بحیرہ روم کا راستہ
بحیرہ روم کی چمکیلی دھوپ والی آب و ہوا ان سائیکل سواروں کا ساتھ دیتی ہے جو اس راستے (ای وی 8) کا انتخاب کرتے ہیں۔ 5888 کلومیٹر طویل یہ راستہ انہیں اسپین کے علاقے کادیز سے قبرص تک لے جاتا ہے۔ اس راستے میں مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ ساحل بھی بدلتے جاتے ہیں، ان میں بارسلونا، موناکو اور وینس (تصویر) مونٹی نیگرو اور البانیا کے ساحل بھی شامل ہیں۔
ای وی 13
ای وی 13 کہلائے جانے والے اس راستے پر سائیکل سوار یورپ کی تقسیم اور اتحاد کی تاریخ کامشاہدہ کرتے ہیں۔ متروکہ واچ ٹاورز اور سرحدی چوکیوں کے ساتھ ساتھ یادگاری مقامات ماضی کی یاد تازہ کرنے والے نشانات فراہم کرتے ہیں۔