1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق وزیراعظم کے داماد کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

9 جولائی 2018

لندن میں موجود پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہیں بدعنوانی کے ایک کیس میں ایک برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/313Q9
Mohammad Safdar
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

کرپشن کے الزامات کے تحت محمد صفدر کو جمعے کے روز سزا سنائی گئی تھی لیکن انہیں گرفتار گزشتہ روز راولپنڈی سے کیا گیا تھا، جہاں وہ خود گرفتاری دینے کے لیے پہنچے تھے۔ آج پیر کے روز انہیں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ اگر انہیں ضمانت پر رہائی نہیں ملتی تو وہ ایک برس تک جیل میں ہی رہیں گے۔

گزشتہ روز جب محمد صفدر کو گرفتار کیا گیا تو ان کے ہمراہ مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ان کی گرفتاری کے حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی اور محمد صفدر کی اہلیہ مریم نواز کا لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ووٹ کو عزت دو کے جھنڈے تلے کپیٹن صفدر، میں اور میاں صاحب مارچ کر رہے ہیں۔ گرفتاری کیا، کوئی بھی قربانی دینی ہوئی تو اس سے دریغ نہیں کریں گے۔‘‘

Mohammad Safdar
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’کیپٹن صفدر بھی میاں صاحب کے ایک سپاہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے دلیرانہ طریقے سے، ایک شیر کی طرح اپنی گرفتاری دی ہے۔‘‘

اس موقع پر مریم نواز نے آئندہ جمعے کے روز پاکستان پہنچنے کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے والد ہر صورت آئندہ جمعے کے روز اتحاد ایئر ویز کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچیں گے۔

قید کی سزا، کیا نواز شریف کو اس سے فائدہ پہنچے گا؟

 جمعے کے روز پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مریم نواز کو سات برس جبکہ نواز شریف کو دس برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔  عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان اثاثوں میں لندن کے پُر آسائش فلیٹ بھی شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم صفدر کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اگر نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت نہیں ملتی تو انہیں بھی لاہور پہنچنے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔   

ا ا / ص ح (اے پی، روئٹرز)