1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابقہ سوویت یونین سے یوکرائن کی آزادی کے بیس سال

24 اگست 2011

آج یورپی ریاست یوکرائن کے سابقہ سوویت یونین سے علیٰحدگی کے بیس برس مکمل ہوگئے ہیں۔ اس دن سے متعلق تقریبات کے قدرے گہنائے رہنے کا خدشہ ہے۔

https://p.dw.com/p/12Mhf
تصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

یوکرائن کے عوام کا خیال ہے کہ حکمران اب تک ملک میں موجود وسائل اور افراد کی صلاحیتوں سے کام لیتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم یولیا تمو شینکو کے زیر حراست رہنے کے سبب یوکرائن میں سیاسی تناؤ بھی موجود ہے۔ بین الاقوامی سطح پر قدرتی وسائل کی فراوانی کے علاوہ بھی یوکرائن کی اہمیت کی دیگر بھی کچھ وجوہات ہیں۔ کرہ زمین پر اپنی محل وقوع کے اعتبار سے یوکرائن اس لیے اہمیت کا حامل ہے کہ یہ روس اور یورپین یونین کے سنگم پر واقع ہے۔ اسی لیے یہاں کی داخلی سیاست میں بھی کسی حد تک بیرونی اثر و رسوخ کے اثرات دیکھے جاتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم یولیا تمو شینکو مغرب نواز تصور کی جاتی ہیں جبکہ موجودہ صدر یانوکووچ روس کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں۔

Ukraine Julia Timoschenko vor Gericht in Kiew
یولیا تمو شینکو کی گرفتاری کا منظرتصویر: dapd

یوکرائن کی پارلیمان نے آج سے ٹھیک بیس برس قبل سابقہ سوویت یونین سے آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے صدر وکٹور یانوکووچ مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یوکرائن کے مشہور فنکار 2004ء کے نارنجی انقلاب والے آزادی چوک پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تاہم کفایت شعاری کے ایک منصوبے کے تحت اس دن فوجی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے، جس سے قریب 20 ملین ڈالر کی بچت متوقع ہے۔

قومی یکجہتی کے اظہار والے اس دن یولیا تمو شینکو کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ یولیا ٹیمو شینکو کو رواں ماہ عدالتی کارروائی کے دوران حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ بدعنوانی سے متعلق ایک مقدمے میں جان بوجھ کر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہیں۔

Russland Ukraine Medwedew Janukowytsch Janukowitsch
یوکرائن کے صدر وکٹور یانو کووچ اپنے روسی ہم منصب دمتری میدویدیف کے ہمراہتصویر: dapd

دریں اثناء یوکرائن کی خفیہ پولیس نے آزادی کی تقریبات کے دوران دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

عوامی جائزوں کے مطابق یوکرائن کی عوام کی بڑی تعداد کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ یولیا تمو شینکو کی گرفتاری یا دہشت گردی نہیں بلکہ ملک کی موجودہ اقتصادی حالت ہے۔ دارالحکومت کی ایف میں قائم رازومکوف سینٹر کے جائزے کے مطابق 60 فیصد سے زائد شہریوں کی رائے میں سابقہ سوویت یونین سے آزادی ملنے کے بعد ان کی اقتصادی حالت ابتری کی جانب بڑھی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں