سارہ پیلن اگلے ماہ بھارت کے دورے پر
24 فروری 2011امریکی ریاست الاسکا کی سابق گورنر سارہ پیلن کی مشیر اعلیٰ Rebecca Mansour نے ٹوئٹر پر لکھے گئے ایک پیغام کے زریعے بتایا ہے کہ پیلن اگلے ماہ بھارتی دورے میں بھارتی جریدے ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے سالانہ نجی اجتماع سے خطاب بھی کریں گی۔
اس پیغام کے ساتھ دیے گئے ان کے دورے کے شیڈیول کے مطابق 19 مارچ کے روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اس حوالے سے معنقد تقریب میں وہ شرکت کریں گی۔ تقریب میں"My Vision of America," یا ’ امریکا کے بارے میں میرا تصور‘ کے عنوان سے پیلن کا کلیدی خطاب ہو گا۔
بھارتی جریدے کی اس تقریب میں ہر سال نمایاں اور قابل ذکر افراد کو خطاب کی دعوت دی جاتی ہے۔اس برس سارہ پیلن کے علاوہ جو دیگر نمایاں افراد خطاب کر یں گے ان میں مصری حزب اختلاف کی نمایاں شخصیت محمد البرادعی، حقوق نسواں کی حامی مصنف Germaine Greer، بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور کشمیری علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سن 2008 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں نائب صدارت کے عہدےکے لیے سارہ پیلن کو رپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ اس دوران انہیں خارجہ پالیسی کے حوالے سے ناتجربہ کاری اور کم علمی کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سارہ پیلن نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے سے قبل صرف ایک بار بیرون ملک سفر کیا تھا جس کا مقصد مشرق وسطی میں تعینات امریکی فوجی اہلکاروں سے ملاقات کرنا تھا۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: شامل شمس