سال 2023 ء کے تین یورپی ثقافتی کیپٹل شہر
تین یورپی شہر: رومانیہ کا شہر تیمیسوارا، ہنگری کا شہر وسپریم اور یونانی شہر الفسینا اس سال یورپی ثقافتی دارالحکومت ہونے کا اعزاز حاصل کرنے جا رہے ہیں۔
یورپی ثقافت دارالحکومت کیا ہے؟
ہر سال، یورپی یونین کسی یورپی شہر یا علاقے کو ثقافتی دارالحکومت کا اعزاز دیتی ہے۔ اس کا مقصد زیربحث خطے کی طرف زیادہ توجہ مبذول کرانا، براعظم کےثقافتی ورثے کو فروغ دینا اور لوگوں میں یورپی شناخت کے احساس کو مضبوط کرنا ہے۔
سیاحت کو فروغ دینا
رومانیہ کا شہر تیمیسوارا، ہنگری کا شہر وسپریم اور یونانی شہر الفسینا شاید اب تک جانے پہچانے نام نہیں رہے ہوں گے، لیکن یورپی کیپٹل آف کلچر کا لیبل ان کی شہرت کا سبب بنے گا۔ 2023 ء میں، یہ تینوں مزید سیاحوں کو راغب کرنے اور اپنی منفرد تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے شاندار تقریبات کا انعقاد کریں گے۔
رومانیہ کا شہر تیمیسوارا، مشرقی یورپ کا ’لِٹل ویانا‘
تین لاکھ کی آبادی کے ساتھ تیمیسوارا رومانیہ کا تیسرا بڑا شہر ہے اور ہنگری اور سربیا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ یہاں پندرہ ہزار سے زائد خوبصورت تاریخی عمارتیں ہیں۔ یہ شہر ماضی میں کبھی آسٹرو ہنگیرین بادشاہت کا حصہ تھا۔
ایک کثیرالنسل شہر
تیمیسوارا کا ایک تعارف یہ بھی ہے کہ یہاں سے 1989ء کا رومانیہ کا انقلاب عمل میں آیا تھا، جس کا اختتام آمر نکولائی سیوسیسکو کی موت پر ہوا۔ تیمیسوارا ایک بھرپور تاریخ اور کثیر النسل آبادی کا حامل شہر ہے۔ اس شہر کو نسلی تنوع اور یورپی ثقافت کے دارالحکومت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
سیر و تفریح
اس شہر میں دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ یونین اسکوائر اپنے رنگین فن تعمیر کے ساتھ یقینی طور پر قابل دید ہے اس کے علاوہ نئو مولدویائی تیمیسوارا آرتھوڈوکس کیتھیڈرل ہے، اپنی شاندار داخلی تزین و آرائش اور موزیک فرش اور شاندار پینٹنگز یا تصاویر کے لیے مشہور ہے۔
ہنگری کا شہر وسپریم
وسپریم ہنگری کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے۔ جو پہلے دریائے سیڈ کے کنارے کئی پہاڑیوں پر قائم تھا۔ یہ اپنی ہینڈ بال ٹیم کی وجہ سے بھی مشہور ہے، حالانکہ اس شہر کے پاس اس سے کہیں زیادہ دلکش چیزیں پیش کرنے کو ہیں۔ متعدد گرجا گھر،عجائب گھر، آرٹ گیلریاں اور ایک منفرد کاسل یا محل۔ یہاں دریافت کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
’سلیپنگ بیوٹی‘
یہ شہر کم معروف ہے مگر یورپی کیپیٹل آف کلچر بننے کے بعد یہ سب بدل سکتا ہے۔ اس پیش قدمی کے پیچھے جن منتظمین کا ہاتھ ہے وہ امید کر رہے ہیں کہ یہ ٹائٹل حاصل کرنے کے بعد زیادہ سے زیادہ سیاح اس شہر کی طرف راغب ہوں گے۔ اس ثقافتی مرکزی شہر کا آغاز 21 جنوری کو ایک شاندار تقریب سے ہوگا جس میں دو ملین سے زائد سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ پورے سال رنگا رنگ موسیقی، رقص اور دیگر ایونٹس چلتے رہیں گے۔
جھیل بالاٹن
وسپریم شہر جھیل بالاٹن سے محض 10 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم ہے جو رومن دور سے شراب بنانے کے مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ جھیل کافی حد تک اُتھلی اور گرمی کے موسم میں بہت گرم رہتی ہے۔ اس لیے یہ تیراکی کے لیے بھی کافی مشہور ہے۔ وسپریم شہر کو یورپی ثقافتی دارالحکومت کا درجہ ملنے سے اس پورے خطے کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
ایتھنز کے سائے میں: شہر الفسینا
یونانی دارالحکومت ایتھنز سے صرف بیس کلومیٹر کے فاصلے پر ایک صنعتی بندرگاہی شہر Elefsina کو اکثر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ 2023 ء میں ایلیفسینا کو یورپی ثقافتی دارالحکومت کا درجہ ملنے کے بعد صورتحال بالکل بدل جائے گی۔ فروری سے، یہ منتقلی کے اسرار کے عنوان سے ایک وسیع فنکارانہ، تحقیقی اور تعلیمی پروگراموں کے انعقاد کا مرکز بن جائے گا۔
قدیم کھنڈرات
زمانہ قدیم میں، دسیوں ہزار لوگ موت کے بعد کی زندگی کے راز کو سمجھنے اور فصل کی یونانی دیوی ڈیمیٹر کے مندر کا دورہ کرنے کی امید میں الیفسینا، جو اُس وقت ایلیوسس کے نام سے جانا جاتا تھا، کی زیارت کرتے تھے۔ شہر میں مندر کی باقیات اب بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ رواں سال ایلیفسینا میں متعدد نمائشیں، تھیٹر پرفارمنس، باغبانی کی ورکشاپس اور بہت کچھ منعقد کیا جائے گا۔
ہلچل سے بھرپور پورٹ سٹی
الیفسینا نے انیسویں اور بیسویں صدی کے اوائل میں اپنی مصروف بندرگاہ کی وجہ سے ٹھوس نمو دیکھی، جس نے اسے ملک کے بڑے اقتصادی مراکز میں سے ایک بنایا۔ یہ تب تک ایسا ہی رہا جب تک پیریئس اور ایتھنز یونان کے معاشی مراکز نہیں بنے تھے اور الیفسینا بندرگاہ کو جہازوں کے قبرستان ہونے کے سبب بھلا دیے جانے کا سامنا بھی رہا تھا۔