1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سنگ کی ساکھ کو ایک بڑا دھچکا، گلیکسی نوٹ 7 کی تیاری بند

علی کیفی
11 اکتوبر 2016

سام سنگ الیکٹرانکس نے اپنے دو مہینے پہلے متعارف کروائے گئے گلیکسی نوٹ 7‘ میں آگ لگ جانے کے واقعات کے بعد اپنے اس نئے سمارٹ فون کی تیاری اور فروخت بند کر دی ہے۔ یہ اعلان اس کمپنی کی ساکھ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

https://p.dw.com/p/2R7wW
Samsung Galaxy Note 7
صارفین نے دو ماہ قبل اگست میں متعارف کروائے جانے والے اس نئے سمارٹ فون کی زبردست پذیرائی کی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/J. Mattar

نیوز ایجنسی روئٹرز نے سیول سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ جنوبی کوریائی کمپنی اپنے اس نئے سمارٹ فون کی سکیورٹی سے متعلق معاملات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، جس کے بعد اس کمپنی نے منگل گیارہ اکتوبر سے اس فون کی پیداوار بند کرنے اور دنیا بھر میں اس کی فروخت روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کیے گئے اعلان کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ یہ کمپنی اپنے صارفین کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

ستمبر کے اوائل سے لے کر اب تک دنیا بھر میں پچیس لاکھ ’گلیکسی نوٹ سیون‘ فروخت ہو چکے ہیں۔ اس فون کی بیٹری گرم ہونے کے بعد اچانک آگ پکڑنے کے پَے در پَے واقعات کے بعد ان تمام فونز کو واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایک فون کی قیمت 882 ڈالر ہے، اس لیے یہ تاریخ میں کسی پروڈکٹ کو سیفٹی وجوہات کی بناء پر واپس لیے جانے کے حوالے سے مہنگا ترین واقعہ ہے۔

سام سنگ کمپنی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ گاہکوں کو گلیکسی نوٹ سیون کے بدلے میں سام سنگ کا کوئی بھی ایسا پروڈکٹ دیا جائے، جو وہ چاہتے ہوں یا پھر فون واپس لے کر اُنہیں اُن کی ساری رقم واپس کر دی جائے۔

سام سنگ کے اس تازہ اعلان نے اس کمپنی کے اندر کوالٹی کنٹرول کے حوالے سے تازہ شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ دوسری جانب اس کمپنی کو نہ صرف بڑے پیمانے پر مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے بلکہ اس کی ساکھ کو بھی سخت دھچکا پہنچ سکتا ہے۔

Samsung Galaxy Note 7 verkohlt explodiert
بیٹری گرم ہونے کی وجہ سے اچانک ’گلیکسی نوٹ سیون‘ سے دھواں نکلنے لگتا ہے اور یہ فون آگ پکڑ لیتا ہےتصویر: picture- alliance/AP Photo/A.Zuis

ماہرین کے خیال میں گلیکسی نوٹ سیون منصوبے کی مکمل منسوخی کے نتیجے میں اس جنوبی کوریائی کمپنی کو سترہ ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ صارفین کے ذہنوں میں اس کمپنی کی دیگر مصنوعات کے حوالے سے جنم لینے والے شکوک و شبہات اس کے علاوہ ہیں۔ منگل کے روز جب بازارِ حصص بند ہوا تو سام سنگ کے شیئرز کی قیمت آٹھ فیصد تک گِر چکی تھی۔

دو ماہ قبل اگست میں ’گلیکسی نوٹ سیون‘ کو یہ کہتے ہوئے جاری کیا گیا تھا کہ یہ سمارٹ فونز کی منڈی میں ایپل کے تازہ ترین آئی فون کا مقابلہ کرے گا۔ صارفین نے سام سنگ کے نئے سمارٹ فون کی زبردست پذیرائی کی تھی تاہم چند روز کے اندر  اندر سوشل میڈیا پر اس فون میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے واقعات کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔ اب اس کمپنی کو اپنے دوسرے سمارٹ فون ’گلیکسی ایس سیون ایج‘ پر ہی انحصار کرنا پڑے گا۔