1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سانپ کی دہشت، دس خاندانوں کی اپنے فلیٹوں سے عارضی منتقلی

16 فروری 2021

جرمن شہر کولون میں ایک زہریلے سانپ کی موجودگی نے متعدد افراد میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ اسی خوف کے باعث دس مختلف اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر خاندان وہاں سے عارضی طور پر منتقل ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/3pRcq
Giftschlange - Korallenotter
تصویر: G. Kunz/blickwinkel/picture alliance

حکام کے مطابق جس سانپ سے علاقے کے لوگوں میں خوف پیدا ہوا، وہ کیپ کورال قسم کا ایک زہریلا سانپ ہے۔ ابھی یہ چھوٹی جسامت اور کم عمر کا ہے۔ اس سانپ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی فائر بریگیڈ کا بیس رکنی عملہ سانپ کو ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں کو ریسکیو کرنے والے افراد بھی موقع پر موجود ہیں۔

جرمنی: پانچ دن شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنے والا زہریلا کوبرا پکڑ لیا گیا

سانپ گم ہونے کی اطلاع

رینگنے والے جانوروں کے ایک مرکز (Terrarium) نے مقامی بلدیاتی انتطامیہ کو اتوار چودہ فروری کو مطلع کیا تھا کہ اس کے سانپوں میں سے ایک لاپتا ہے۔ اس ٹیراریم میں کل ایک درجن سانپوں کو رکھا گیا ہے۔ جو سانپ گم ہوا ہے وہ بچہ ہے اور اس کی لمبائی 20 سینٹی میٹر یا سات انچ کے قریب ہے۔

Giftschlange - Korallenotter
کیپ کورال قسم کا سانپ جنوبی افریقہ کے خشک اور بارانی علاقے میں پایا جاتا ہےتصویر: Clément Carbillet/imageBROKER/picture alliance

اس سانپ کی تلاش کے لیے کولون کے چڑیا گھر کے سانپ مرکز کے ایک ماہر کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر یہ سانپ متعلقہ عمارت سے باہر نکل گیا ہے، تو اس کے بچنے کے امکانات نا ہونے کے برابر ہیں کیونکہ باقی ماندہ جرمنی کی طرح کولون میں بھی ان دنوں شدید سردی ہے اور سرد موسم سانپ کو موافق نہیں آتا۔

ڈسلڈورف کے قریب جھیل میں ڈھائی میٹر لمبا اناکونڈا

کیپ کورال سانپ

کولون میں گم ہو جانے والا کیپ کورال قسم کا سانپ جنوبی افریقہ کے خشک اور بارانی علاقے میں پایا جاتا ہے۔ اس کی خوراک میں چھوٹی جسامت کی چھپکلیوں اور زمین کے اندر رہنے والے چوہوں جیسے  جانور شامل ہیں۔ یہ ایک زہریلا سانپ ہے۔ دنیا بھر میں سانپوں کی تین ہزار قسمیں پائی جاتی ہیں۔ ان میں سے صرف سات قسم کے سانپ جرمنی میں پائے جاتے ہیں۔

Deutschland Köln Giftige Korallenschlange entwichen
رینگنے والے جانوروں کو شیشے کے گھر میں رکھتے ہپیں اور یہ ٹیریریم کہلاتا ہےتصویر: Feuerwehr Stadt Köln/dpa/picture alliance

سانپ ملنے کے واقعات

جرمنی میں گاہے بگاہے سانپ نظر آنے یا اس کی موجودگی کی وجہ سے خوف و ہراس پھیلنے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔ رواں برس جنوری میں بوخم شہر کے ایک کنڈر گارٹن کے تہہ خانے میں ایک سانپ کی نشاندہی کی گئی تھی۔ تب فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں پہنچ تو گیا تھا مگر اسے وہاں سے صرف اس اژدہے کی کینچلی ملی تھی۔ سانپوں کو جرمن قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے کیونکہ ان کی افزائش نسل کا علاقہ مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے۔

ع ح / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)