سترواں برلینالے: گولڈ اور سلور بیئر کے حقداران
جرمنی کے مشہور فلمی میلے میں سب سے اہم اور معتبر گولڈن بیئر ایرانی فلم ساز محمد رسولاف کو حاصل ہوا۔ اُن کی فلم ’برائی کہیں نہیں‘ یا There Is No Evil بہترین فلم قرار پائی۔
There Is No Evil بہترین فلم
ایرانی ہدایتکار محمد رسولاف کی فلم ’برائی کہیں نہیں‘ کو برلینالے فلم فیسٹیول کا سب سے بڑا انعام یعنی ’گولڈن بیئر‘ دیا گیا۔ یہ فلم مختصر دورانیے کی چار فلموں کا مجموعہ ہے اور اس کا موضوع فرد واحد کی آزادی اور موت کی سزا ہے۔ رسولاف پر ایرانی انقلابی عدالت نے فلم سازی کی پابندی بھی عائد کی۔ اُن کا پاسپورٹ ضبط کرنے کے علاوہ انہیں جیل میں قید بھی کیا گیا۔
گرینڈ جیوری پرائز
ایلیزا ہٹمین کی فلم Never Rarely Sometimes Always کو برلینالے کا دوسرا بڑا ’سلور بیئر‘ دیا گیا۔ اس فلم میں امریکی ریاست پینسیلوینیا کی دو ٹین ایجر لڑکیوں کے نیو یارک شہر جا کر اسقاط حمل کرانے کے سفر کو موضوع بنایا گیا۔ تصویر فلک کی ایک اداکارہ سڈنی فلنجین ہے۔
بہترین ہدایتکار: ہونگ سانگسُو
آسکر ایوارڈ جیتنے والی جنوبی کوریائی فلم پیراسائیٹ کے ہدایتکار بونگ جُون ہو کی طرح اسی ملک کے ایک اور ہدایتکار ہونگ سانگسُو کا بھی بہت عزت و احترام کیا جاتا ہے۔ برلینالے میں اُن کی فلم The Woman Who Ran میں ایک خاتون کے اپنی خود شناسی کے عمل کو فلمانے پر بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
بہترین اداکارہ: پاؤلا بیئر
پچیس سالہ جرمن اداکارہ پاؤلا بیئر کو فلم Undine یا ’آبی روح‘ میں شاندار کردار نگاری پر بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔ اس فلم میں اداکارہ بیئر نے ایک مشکل کردار کو ادا کرنے کے لیے انتہائی زوردار پرفارمنس دی ہے، جو دیکھنے کے لائق ہے۔
بہترین اداکار: ایلیو جرمانو
سترہویں برلینالے میں اطالوی اداکار ایلیو جرمانو کو بہترین اداکار قرار دیا گیا۔ انہوں نے فلم ’ہڈن اوے‘ Hidden Away میں بیسویں صدی کے مشہور اطالوی مصور انتونیو لیگابُو کا کردار ادا کیا ہے۔ جرمانو نے فلم میں لیگابو کے ذہنی بیمار ہونے کی اداکاری کو کمال مہارت سے نبھایا اور جیوری نے اس کے اعتراف میں انہیں سلور بیئر سے نوازا۔
بہترین اسکرین پلے: فلم ’بیڈ ٹیلز‘
روم کے نواحی علاقے کے حالات و واقعات پر مبنی فلم Bad Tales یا ’بُری کہانیاں‘ کا اسکرین پلے دو بھائیوں فابیو اور ڈامیانو ڈی اینوسینزو نے تحریر کیا۔ مشکل واقعات کو مربوط انداز میں فلم میں ڈھالنے کے لیے جو اسکرین پلے لکھا گیا، اس کی تعریف میں اس فلم کو بہترین اسکرین پلے کی حامل قرار دیا گیا۔
غیر معمولی فنکارانہ خدمات: کیمرہ مین ژؤرگن ژؤرگس
جرمن کیمرہ مین ژؤرگن ژؤرگس نے کئی فلموں میں عکاسی کے جوہر دکھائے ہیں۔ اُن کو ایک لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے۔ اُن کے نام پر کئی ایسی فلمیں ہیں جن کی عکاسی کو شاہکار کا درجہ حاصل ہے۔ ژؤرگس کی بے بہا خدمات کے اعتراف انہیں سلور بیئر دیا گیا۔
سترہویں برلینالے کا خصوصی ایوارڈ
برلینالے میں کئی عمدہ فلمیں مقابلے میں شریک تھیں۔ ان میں فرانسیسی ہدایتکار بینوا ڈیلفین کیرویر کی فلم ’ڈیلیٹ ہسٹری‘ یا تاریخ ضائع کر دیں کو خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم میں موجودہ ڈیجیٹل دور کی حماقتوں اور پیچیدگیوں کو سمویا گیا ہے۔
بہترین دستاویزی فلم
برلینالے میں کمبوڈیا کے ہدایتکار ریتی پانہ کی تخلیق کی گئی دستاویزی فلم Irradiated کو بہترین قرار دیا گیا۔ بیسویں صدی میں جنگی واقعات کو ایک خاص انداز میں جوڑ کر کولاژ کی صورت میں پیش کیا گیا۔