سترہ ہزار یوکرینی ریکروٹس کی فوجی تربیت مکمل، برطانوی رپورٹ
26 جون 2023لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق برطانوی وزارت دفاع نے پیر 26 جون کے روز بتایا کہ روسی یوکرینی جنگ میں مغربی ممالک کی طرف سے کییف حکومت کے ہاتھ مضبوط بنانے کی عسکری خواہش کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران 17 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فوجی تربیت مکمل کی جا چکی ہے، جو یوکرینی فوج میں نئے بھرتی کیے گئے تھے۔
کیا روس پر پوٹن کی گرفت کمزور ہو رہی ہے؟
برطانوی وزرات دفاع کے مطابق ان نئے بھرتی کیے گئے افراد کا تعلق یوکرین میں مختلف سماجی طبقات سے تھا اور ان سب کو پانچ ہفتوں تک ایسی بھرپور فوجی تربیت دی گئی کہ اس کے بعد وہ سب کے سب ''عام سویلیں باشندوں سے فوجی‘‘ بن چکے تھے۔
ان ہزاروں یوکرینی ریکروٹس کی ملٹری ٹریننگ برطانیہ نے اپنے نو اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر مکمل کی۔ ان ممالک میں کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ناروے، فن ،لینڈ، سویڈن، ڈنمارک، لیتھوانیا اور نیدرلینڈز شامل تھے۔
امریکی ایجنسیاں، واگنر کی بغاوت کے آثار جان چکی تھیں، میڈیا
یوکرین کے یہ سترہ ہزار سے زائد نئے فوجی وہ تھے، جن کی ملکی مسلح افواج میں رضاکارانہ بھرتی کا سلسلہ کییف حکومت نے گزشتہ برس جون میں شروع کیا تھا۔
آپریشن انٹرفلیکس
لندن حکومت کے مطابق برطانیہ کی قیادت میں ان یوکرینی فوجیوں کی عسکری تربیت کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کا نام آپریشن انٹرفلیکس ہے اور اس دوران کسی بھی قسم کا کوئی عسکری تجربہ نہ رکھنے والے ان یوکرینی باشندوں کو کئی شعبوں میں فوجی تربیت دی گئی۔
یوکرین کی تعمیر نو کے لیے روس کو ہی قیمت ادا کرنی ہو گی، جرمنی
انہیں یہ بھی سکھایا گیا کہ مختلف اقسام کے ہتھیار کیسے استعمال کرتے ہیں، میدان جنگ میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیسے مہیا کی جاتی ہے اور یہ کہ جنگی علاقوں میں خود کو محفوظ رکھتے ہوئے فوجی گشت کیسے کیا جاتا ہے۔
اس بارے میں برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے بتایا، ''یوکرین کے ان فوجیوں کو برطانوی سرزمین پر دی جانے والی عسکری تربیت ایک ایسا حوصلہ افزا عمل تھا، جس میں ان ریکروٹس کی تربیت کرنے والوں میں برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک کے فوجی ماہرین بھی شامل تھے۔‘‘
یوکرینی جنگ: چین روس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، شولس
'یوکرین کی مدد جاری رہے گی‘
برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس کے مطابق، ''برطانیہ اور اس کے بین الاقوامی پارٹنر ممالک یوکرینی فوج کو ایسی عملی مدد فراہم کرتے رہیں گے، چاہے یہ کتنا ہی عرصہ جاری رکھنا پڑے، تاکہ یوکرین روسی فوجی جارحیت کے خلاف کامیابی سے اپنا دفاع کر سکے۔‘‘
یوکرین میں کاخووکا ڈیم روس نے تباہ کیا، نیو یارک ٹائمز
برطانیہ نے شروع میں یہ منصوبہ بنایا تھا کہ وہ اپنے ہاں یوکرین کے دس ہزار تک نئے فوجیوں کی عسکری تربیت کرے گا۔ یہ تربیت اسی بنیادی نوعیت کی تھی، جیسی برطانیہ میں عام فوجیوں کو دی جاتی ہے۔ بعد میں تاہم ایسے یوکرینی ریکروٹس کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار کے بجائے 17 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق اس فوجی تربیتی پروگرام کی مدت میں اب توسیع کی جا چکی ہے۔ آپریشن انٹرفلیکس کے تحت برطانیہ میں اب 2024ء تک یوکرین کے مجموعی طور پر 30 ہزار فوجیوں کو بنبیادی عسکری تربیت دی جائے گی۔
م م / ا ا (اے پی، اے ایف پی)