1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ برلن

16 مارچ 2023

جرمنی کے دورے پر برلن آئے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی ریاست کے اپنے دفاع کے حق اور اُس کی اہمیت پر خاص طور سے زور دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4OnhL
Deutschland | Netanjahu zu Besuch bei Scholz in Berlin
تصویر: Matthias Rietschel/REUTERS

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا آج جمعرات سولہ مارچ کو برلن میں جرمن چانسلر اولاف شولس نے استقبال کیا۔ دونوں سیاست دان سب سے پہلے گرونے والڈ ٹرین اسٹیشن پر ہولوکاسٹ کی ایک یادگار پر ملے۔

اس کے بعد چانسلردفتر میں ایک مشترکہ ظہرانے اور پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ نیتن یاہو بعد ازاں قصر بیلیویو میں وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائیر سے ملاقات کریں گے۔ اس دورے کے موقع پر برلن میں اسرائیلمیں طے شدہ عدالتی اصلاحات  کے خلاف کئی مظاہرے بھی منعقد کیے گئے۔  ناقدین نیتن یاہو پر اپنے مک مں جمہوریی اقدار کو محدود کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

برلن میں گرونے والڈ ٹرین اسٹیشن کے پلیٹ فارم 17 پر ہولوکاسٹ کی یادگار کے دورے کے دوران نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا،''ہم نے جو اہم ترین سبق سیکھا ہے، وہ یہ ہے کہ جب آپ کو اس قسم کی بدی کا سامنا ہو تو اُسے بالکال ابتدائی طور پر ہی روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ‘‘ نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا،'' اب اسرائیلی ریاست اور لاکھوں یہودیوں کی تباہی کے  دیگر خدشات پیش نظر ہیں۔‘‘

Scholz und Netanjahu geben Pressekonferenz in Berlin
نیتن یاہو اور شولس نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیاتصویر: Christian Ditsch/epd

نیتن یاہونے جرمنی کے ساتھ اسرائیل کی قابل اعتماد شراکت داری پر بھی زور دیا اور جرمن چانسلر اولاف شوُلس کی مہمان نوازی اور جرمن حکومت کی طرف سے کیے گئے استقبال کے لیے شکریہ ادا کیا۔ نیتن یاہو  کے بقول،''اسرائیل ان لوگوں کی دوستی کا خیرمقدم کرتا ہے، جو اس کی اقدار اور خدشات میں شریک ہوتے ہیں۔‘‘

جرمن جانسلر اولاف شُولس نے کہا کہ جرمنی کو اپنی تاریخ نہیں بھولنی چاہیے۔ ہولوکاسٹ کے واقعے کا ازالہ بھی جرمنی کی ذمہ داری  ہے۔  جرمنی کے اسرائیل کے ساتھ  قریبی تعلقات ہیں اور وہ اسرائیلی ریاست کے دفاع می ذمہ داری کا حصہ دار ہے۔

نیتن یاہو اور شولس نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ جرمن اخبار برلنر سائٹونگ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے برلن کے دورے کے موقع پر وفاقی جرمن پارلیمان کی عمارت کے باہر سینکڑوں افراد، جن میں بڑی تعداد ایسے اسرائیلی باشندوں کی بھی ہے، جو جرمنی میں آباد ہیں، نے نیتن یاہو حکومت کی سیاسی اصلاحات کی پالیسی کے خلاف احتجاجی مظارہ کیا۔

Israel Netanjahu Besuch Deutschland Protest
برلن میں سخت سکیورٹی اقداماتتصویر: Tsafrir Abayov/AP Photo/picture alliance

جرمن دارالحکومت برلن میں اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔

 چار ہزار پولیس اہلکار نیتن یاہو کے برلن کے دورے کو بُر امن اور بغیر کسی ہنگامہ آرائی کے تکمیل تک پہنچانے کے لیے تعینات کیے  گئے ہیں۔ اسرائیلی  وزیر اعظمآج رات برلن کے مشہور ہوٹل والڈوف اسٹوریا میں قیام کریں گے۔ یہ ہوٹل مغربی برلن کے ایک پوش علاقے میں واقع ہے۔ اس ہوٹل کے ارد گرد  کافی دور تک کے علاقوں کو  مکمل طور پر سکیورٹی حکام نے بند کر رکھا ہے اور وہاں سخت حفاظتی پہرہ ہے۔

پولیس کی اطلاعات کے مطابق شام تک برلن میں حالات پُر امن رہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ک م/ ش ر (ڈی پی اے، برلینر سائٹنگ)