1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سربجیت سنگھ کی میت بھارت کے حوالے

2 مئی 2013

لاہور کے جناح ہسپتال میں وفات پانے والے بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کی لاش جمعرات کی شام بھارت کے حوالے کر دی گئی۔ دہشت گردی کے الزام میں موت کی سزا پانے والے بھارتی شہری سربجیت چھبیس اپریل کی شام شدید زخمی ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/18Qjd
تصویر: picture-alliance/dpa

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں جھگڑے کے بعد دوپاکستانی قیدیوں نے انہیں آہنی آلے کی مدد سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کے سر پر شدید زخم آئے تھے، اور وہ کئی دنوں سے قومہ کی حالت میں تھے۔ بھارت کے مطابق یہ نوجوان دراصل من جیت سنگھ ہے جو غلط شناخت کی وجہ سے سربجیت سنگھ سمجھا جا رہا تھا۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلی نجم سیٹھی نے سربجیت کی موت کی عدالتی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جمعرات کے روز پوسٹمارٹم کے بعد سربجیت کی میت بھارتی سفارتی اہلکاروں کے سپرد کر دی گئی۔ میت کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے امرتسر لے جایا گیا۔

Sarabjit Singh
پاکستان کے انسانی حقوق کے کمیشن نے بھی اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہےتصویر: AP

سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ سربجیت کو جیل میں دھمکیاں مل رہی تھیں اوراس حوالے سے جیل حکام کو آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔ ان کے بقول اس واقعے سے پاکستان کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں اور اب ہمیں یہ جواب دینا ہوگا کہ ہائی سیکورٹی والے علاقے میں یہ جرم کیسے سرزد ہوگیا۔ ان کے بقول یہ بھی دیکھا جا نا چاہیے کہ کہیں اس واقعے میں وہ لوگ تو ملوث نہیں ہیں جوپاک بھارت دوستی نہیں چاہتے ہیں۔

سینیئر صحافی راشد رحمن نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ منصفانہ تحقیقات کے نتیجے میں اگر حقائق سامنے نہ لائے گئے تواس سے پاک بھارت تعلقات متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔

ادھرپاکستان کے انسانی حقوق کے کمیشن نے بھی اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، کمیشن نے اسلام آباد اور نئی دہلی پر زور دیا ہے کہ وہ اس واقعے کے بعد دو طرفہ تعلقات کو متاثر ہونے سے بچانے اور دونوں ملکوں کے قیدیوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ کےترجمان نے کہا ہے کہ سربجیت کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں، لیکن وہ صحت یاب نہ ہو سکے۔ ترجمان کے بقول ان کی موت دل کے دورے کی وجہ سے ہوئی۔ان کے بقول پاکستان نے سربجیت کے خاندان اور بھارتی ہائی کمیشن سے مکمل تعاون کیا ہے

سربجیت سنگھ کی موت کے بعد لاھور کے کوٹ لکھپت پولیس اسٹیشن میں دو پاکستانی شہریوں کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں دفعہ تین سو دو کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد،لاہور

ادارت: زبیر بشیر