1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا میں مبینہ جنگی جرائم، رپورٹ کا اجراء مؤخر

عاطف توقیر16 فروری 2015

اقوام متحدہ نے سری لنکا میں خانہ جنگی کے دوران ہونے والے مبینہ جنگی جرائم سے متعلق اپنی ایک تفتیشی رپورٹ کا اجراء چھ ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Eccn
تصویر: AP

سری لنکا میں سن 2009ء میں طویل مدت سے جاری خانہ جنگی کے آخری ایام میں فوج نے تامل باغیوں کے خلاف طاقت کا زبردست استعمال کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے جاری اس بغاوت کو حتمی طور پر کچل دیا تھا۔ تاہم اس کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے یہ الزامات بار بار دہرائے جاتے رہے ہیں کہ سری لنکا کی فوج نے اس دوران مبینہ طور پر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ اس بارے میں اقوام متحدہ کی طرف سے صاف اور شفاف تحقیقات کے مطالبات سری لنکا کی سابقہ حکومت کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد حقوق انسانی کی عالمی کونسل نے اس سلسلے میں خود ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔ تاہم حالیہ انتخابات میں طویل عرصے سے سری لنکا پر حکومت کرنے والے صدر راجا پکشے کی شکست اور وہاں نئی حکومت کی جانب سے عالمی تحقیقات میں تعاون کے اعلان کے بعد اس عالمی کونسل نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ کو چھ ماہ کے لیے مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Sri Lanka Präsidentschaftswahlen Maithripala Sirisena 9.1.2015
نئے صدر نے ان تحقیقات میں تعاون کا یقین دلایا ہےتصویر: AFP/Getty Images/S. Kodikara

پیر کے روز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید راعد علی حسین کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حسین کی جانب سے اس رپورٹ کے اجراء کو مؤخر کرنے سے متعلق درخواست کو حقوقِ انسانی کی عالمی کونسل نے منظور کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ رپورٹ اگلے ماہ جاری کی جانا تھی، تاہم اب اسے رواں برس ستمبر میں جاری کیا جائے گا۔

انسانی حقوق کے کمشنر کے مطابق سری لنکا کی نئی حکومت کی جانب سے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانیوں کے بعد اہم اور نئی معلومات تک رسائی ممکن ہے، جس سے یہ رپورٹ مزید مضبوط اور مؤثر ہو گی۔

یہ بات اہم ہے کہ رواں برس جنوری میں سری لنکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں متھری پالا سری سینا نے غیر متوقع طور پر راجا پکشے کو شکست دیتے ہوئے عہدہ صدارت سنبھالا تھا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سن 2009ء میں حکومتی فورسز نے تامل باغیوں کے خلاف اپنی حتمی کارروائی میں ممکنہ طور پر 40 ہزار کے قریب عام شہریوں کو قتل کیا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سن 1972 تا 2009 تک جاری رہنے والے اس مسلح تنازعے میں کم از کم ایک لاکھ افراد مارے گئے۔