’سلم ڈاگ ملینیئر‘ نے آسکرایوارڈزکا میدان مار لیا
23 فروری 2009توقعات کے بغیر کام کرتا ہوں: موسیقار رحمان
فلم ’’سلم ڈاگ ملینئیر‘‘ پر آسکر انعامات کی بوچھاڑ ہوئی ہے۔ اس فلم میں معروف موسیقار اے آر رحمان کے اسکور کے لئے انہیں دو آسکر ملے۔ رحمان نے اپنے میوزک کے لئے آسکر انعامات حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ایک فنکار کو کام توقعات کے بغیر کرنا چاہیے اور یہ کہ انہیں اس بات کا قطعاً یقین نہیں تھا کہ ’’سلم ڈاگ ملینئیر‘‘ میں اُن کی موسیقی کو اتنی داد ملے گی۔ اے آر رحمان نے لاس انجیلس سے آڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بتایا کہ کسی کام سے توقعات وابستہ کرنا ذہنی کرپشن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک فنکار کو اپنے کام، فلم اور اس کے جذبات کے ساتھ وفاداری اور سچائی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
لفظوں میں طاقت ہوتی ہے
مشہور شاعر اور ادیب گلزار نے فلم میں رحمان کے ’’جے ہو‘‘ گیت کی موسیقی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’لفظوں میں طاقت ہوتی ہے۔‘‘
گلزار کے مطابق ’’جے ہو‘‘ کا آئڈیا دراصل ہدایت کار سبھاش گھائی کا تھا جو اپنی فلم یووراج کی موسیقی پر کام کررہے تھے۔
اکیاسویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب اتوار کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت لاس اینجلس کے معروف و مشہور کوڈک تھیٹر میں منعقد کی گئی جس میں معروف برطانوی ہدایت کاراورفلم ساز ڈینی بوئل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ پر آسکرز کی بوچھاڑ ہوئی۔
ممبئی کےمضافات میں فلمائی گئی برطانوی فلم سلم ڈاگ ملینیئرکو جن شعبوں میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ان میں بہترین فلم ، بہترین ہدایت کار، بہترین فلم ایڈیٹنگ، بہترین ساونڈ میکسنگ، بہترین سینمیٹوگرافی، Best Adapted Screenplay، بہترین اوریجنل موسیقی اور بہترین اوریجنل گانا ''جے ہو '' شامل ہے۔
بھارتی موسیقار اے آر رحمان کو آسکر انعامات میں تین شعبوں کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ جن میں سے انہوں نے دو شعبوں میں آسکر حاصل کیا۔
بھارتی مصنف اور سفارت کار، وکاس سوا روپ کے ناول ’کیو اینڈ اے‘ پر بنائی گئی اس فلم کی کہانی ایک ایسےغریب بھارتی نوجوان کی کہانی ہے جو کسی طرح ’ہو وانٹس ٹو بی آ ملینئیر‘ کے ہندی ورژن ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں حصہ لیتا ہے اور دو کروڑ روپے کا انعام جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ جمال نامی اس لڑکے کی کہانی بھارتی معاشرے کی ناہمواریوں اور ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کی گلیمرس دنیا کے پیچھے چھپی سازشوں سے بھی پردہ اٹھاتی ہے۔
علاقائی بہترین فلم کا آسکرایوارڈ جاپانی فلم Departures کو ملا۔ اس فلم کے ہدایت کار Yojiro Takita نے ایوارڈ وصول کیا۔
چونتیس سالہ ہسپانوی اداکارہ Penelope Cruz کوبہترین معاون اداکارہ کے لئے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ چونتیس سالہ Penelope Cruz نے وڈی ایلن کی رومانوی کامیڈی فلم Vicky Cristina Barcelona میں بہترین معاون اداکارہ کے طور پر کام کرنے کے لئے آسکر ایوارڈ جیتا۔ اس طرح وہ پہلی ہسپانوی اداکارہ بن گئی ہیں جنہوں نے آسکر ایوراڈ اپنے نام کیا ہے۔
بہترین معاون اداکار کے لئے آسکرکا انعام آنجہانی ہیتھ لیجر کے نام رہا۔ فلم ’دا ڈارک نائٹ، کے لئے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے ہیتھ لیجر دوسرے اداکار ہیں جنہوں نے بعد از مرگ یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس شعبے میں فلم Milk سے Josh Brolin ، فلم ٹراپک تھنڈر کے اداکار رابرٹ ڈی نیرو جونیئر ، فلم Doubt کے لئے Philip Seymour Hoffman ، جبکہ فلم Revolutionary Road کے لئے Michael Shannon کو نامزد کیا گیا تھا۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ کیٹ ونسلٹ کو ان کی فلم دی ریڈر پر دیا گیا۔ بہترین اداکارہ کے لئے میریل اسٹریپ، اینجلینا جولی، Melissa Leo اور Anne Hathaway کے نام شامل تھے۔
بہترین اداکار کا آسکر شان پین کو ان کی فلم Milk میں بہترین اداکاری کرنے پر دیا گیا۔ اس شعبے میں نامزد دیگر اداکاروں میں بریڈ پٹ، رچرڈ جانکنس، فرانک لانگیلا اور مکی روک شامل تھے۔
The Curious Case of Benjamin Button کل تیرہ آسکرز کے لئے نامزدکی گئی تھی تاہم وہ صرف تین آسکرز ہی جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ Greg Cannom کی اس فلم کو بہترین میک اپ ، بہترین آرٹ ڈائریکشن اور بہترین Visual Effects کا انعام ملا۔