سلمان بٹ کی مہارت اب ٹی وی کے لیے
9 فروری 2011بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سلمان بٹ کا ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے، جس کے تحت وہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران تبصرہ کرنے والے ماہرین کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اس معاہدے کی رقم کا انکشاف نہیں کیا گیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں اس بات پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا پابندی کا سامنا کرنے والے سلمان بٹ قانونی طور پر اس بات کے مجاز بھی ہیں یا نہیں کہ وہ پابندی کے دوران بطور کرکٹ ماہر تبصرے کے لیے کسی ٹیلی وژن سے کوئی معاہدہ کرسکتے ہیں۔
کچھ سال پہلے بھارت میں بھی ایسا تنازعہ اٹھ چکا ہے۔ معروف بھارتی کھلاڑی محمد اظہر الدین پر پابندی لگنے کے بعد وہ بطور ماہر ٹی وی پر آئے ، جس کے بعد آئی سی سی اور سابق کرکٹ کھلاڑیوں کی طرف سے شدید اعتراضات سامنے آئے۔ میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت پابندی کا شکار ہونے والے اجے بھی بھارت کے ایک نجی ٹیلی وژن چینل پر ایکسپرٹ کے طور پر آتے ہیں۔
اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے تحت آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ پر دس برس، فاسٹ بولر محمد آصف پر سات برس جبکہ محمد عامر پر پانچ برس کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم سلمان بٹ کے پانچ برس جبکہ محمد آصف کو دو برس کے مشروط چھوٹ دی گئی ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: امتیاز احمد