سلمان خان پر ایک اور مقدمہ
28 فروری 2010حالیہ معاملے میں پھول بانو شیخ نامی ایک تیس سالہ معذور خاتون نے سلمان خان پر مقدمہ قائم کرتے ہوئے پچیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ بانو کا الزام ہے کہ خان نے ’ویر‘ فلم کی تشہیر کے لئے ان کی معذوری کا فائدہ اٹھایا۔
تھانے میں درج کرائے گئے بیان میں اس خاتون نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ سال مارچ میں خان سے ملنے کی خواہش دل میں لئے ان کے گھر گئیں تھیں۔ سلمان کے گھر سے پتہ چلا کہ یہ بھارتی ستارہ محبوب اسٹوڈیو میں فلمبندی میں مصروف ہیں۔ وہاں پہنچنے پر پہلے تو وہاں متعین عملے نے کسی کو سلمان سے ملنے نہیں دیا تاہم جب سلمان کو بتایا گیا کہ ایک معذور خاتون ان سے ملنا چاہتی ہیں تو وہ خود باہر آکر پھول بانو سے ملے اور تصویریں بنوائیں۔
خاتون کی جانب سے سلمان کے خلاف دائر کردہ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سلمان نے اپنی فلم ’ویر‘ کی تشہیر میں ان تصاویر کا سہارا لیا۔ سلمان نے اس خاتون کو ایک لاکھ روپیہ دیا تھا اور ایک گھنٹے تک ساتھ بیٹھ کر گفتگو کی تھی۔
سلمان خان جوکہ ان دنوں فلاحی کاموں کے حوالے سے مصروف ہیں، گزشتہ کچھ عرصے کے دوران متعدد بار عدالتوں میں جاکر مختلف کیسز کا سامنا کرچکے ہیں۔ ان میں ہرن کا مبینہ غیر قانونی شکار اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرکے ایکسیڈنٹ کرنے کا معاملہ سرفہرست ہیں۔ ’گرل فرینڈز‘ کے معاملے میں سلمان کی ذاتی زندگی بھی انہی ’ایکسیڈنٹس‘ سے عبارت نظر آتی ہے۔
رپورٹ شادی خان سیف
ادارت گوہر نذیر گیلانی