سنچریاں اسکور کرنے میں کیلس پانچویں نمبر پر
4 جنوری 2010جنوبی افریقہ کے اس مایہ ناز کرکٹر نے کیپ ٹاوٴن میں اپنے کیریئر کی 33 ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ بھارتی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے بچاکر بہتری کی طرف لیجانے کے لئے اگر فوراً ’مسٹر ریلائبل‘ راہل ڈراوڈ کا نام زبان پر آجاتا ہے تو جنوبی افریقہ کے لئے بروقت یہی مشکل کام ژاک کیلس کیا کرتے ہیں۔
آل راوٴنڈر ژاک کیلس کسی سے کم نہیں ہیں:
جہاں کیلس نے کرکٹ کے ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس میں دس دس ہزار سے زائد رنز اسکور کئے ہیں وہیں اس آل راوٴنڈر نے ٹیسٹ میچوں میں 258 جبکہ ون ڈیز میں 248 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ ژاک کیلس کے بارے میں جنوبی افریقی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین مارک باوٴچر کہتے ہیں ’’ہنگری کیلس از ڈینجرس کیلس‘‘ یعنی جب کیلس رنز بنانے اور کارکردگی دکھانے کے لئے ’بھوکے‘ ہوتے ہیں تو وہ بہت زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔
کیلس نے کیپ ٹاوٴن میں انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں سنچری بناکر اپنی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری اس ٹیسٹ سیریز میں انگلش ٹیم کو اس وقت ایک،صفر کی برتری حاصل ہے۔ چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کا پہلا میچ سینچوریئن میں کھیلا گیا تھا، کیلس نے اس میچ میں بھی 120رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ یہ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔
اس کے بعد شہر ڈربن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں جب جنوبی افریقہ کے دو بیٹسمین محض دس کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے تو کیلس نے کپتان گریم اسمتھ کے ساتھ شاندار شراکت میں ٹیم کے لئے 150 قیمتی رنز جوڑے۔ حالانکہ اس میچ میں جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کے ہاتھوں ایک اننگز اور 98 رنز سے شکست ہوئی۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اس وقت سیریز کا تیسرا میچ کیپ ٹاوٴن میں جاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 14 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو رہا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں اس وقت بھارتی بلے باز ’ماسٹر بلاسٹر‘ سچن تندولکر 43 سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ سچن نے اپنے کیریئرمیں اب تک 162 ٹیسٹ میچ کھیل کر تقریباً تیرہ ہزار رنز مکمل کئے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلوی کپتان رکّی پونٹنگ 38 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سنیل گواسکر 34 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا 34 سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ژاک کیلس 33 سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس لسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان اسٹیو وا 32 جبکہ ایک اور آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ہیڈن 30 سنچریوں کے ساتھ بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پرہیں۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ یعنی 25 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے انضمام الحق اس فہرست میں تیرہویں جبکہ ٹیم کے موجودہ کپتان محمد یوسف 24 سنچریوں کے ساتھ 14ویں نمبر پر ہیں۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: ندیم گل