سنکیانگ کی لیک شدہ دستاویزات درست ہو سکتی ہیں، ماہرین
25 مئی 2022چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ کے ایغور مسلمانوں کے ساتھ چینی حکومت کے ناروا سلوک اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے میں زیادہ 'مصدقہ‘ معلومات ان فائلوں سے معلوم ہوئی ہیں جو خفیہ طور پر افشا ہوئی ہیں۔ ان میں تصاویر اور دستاویزی ثبوت موجود ہیں کہ مقامی پولیس ایغور مسلمانوں کے ساتھ کیسے ظالمانہ طریقے استعمال کرتی ہے۔
چین پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ اس نے سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں کی ذہنی تطہیر کے لیے ایسے حراستی مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں پر انہیں ثقافت اور مذہب سے دوری اختیار کرنے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ ان حراستی مراکز میں دس لاکھ سے زائد افراد کو مانڈرین چینی زبان سکھانے کے ساتھ ساتھ جو تربیت دی جا رہی ہے، اس کے مطابق انہیں کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ وابستگی اور سیکولر سوچ کو اپنانا شامل ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے ان افشاء شدہ فائلوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں چین مخالف مواد قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے انہیں چین مخالف میڈیا کی جانب سے جھوٹ اور افواہیں پھیلانے کا سلسلہ قرار دیا ہے۔
جرمن محقق کا موقف
امریکا میں مقیم جرمن ریسرچر اڈریان سینز نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ان فائلوں کو جھوٹا قرار دینا قریب قریب ناممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ فائلیں ایک نامعلوم ذریعے سے موصول ہوئی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسی نے سنکیانگ میں سرکاری ڈیٹا بینک سے ان فائلوں کو ہیک کیا ہے۔
ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے اڈریان شینز کا کہنا تھا کہ ایسی فائلیں جھوٹ پر مبنی ہو سکتی ہیں لیکن ان فائلوں کی صداقت سے انکار بہت مشکل ہے کیونکہ اتنا زیادہ مواد اور تصاویر کا جعلی انداز میں تیار کرنا انتہائی مشکل امر ہے۔ اڈریان سینز امریکا میں کمیونزم کے متاثرین کے بارے میں قائم ایک یادگاری فاؤنڈیشن کے ساتھ منسلک ہیں۔
اڈریان سینز کا مزید کہنا تھا کہ کسی ہیکر نے پولیس کے کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کر کے ان فائلوں کو اٹھایا ہے، جن میں حراستی مراکز بارے شواہد موجود تھے۔ ان کے مطابق ہیکر یا ہیکرز چینی سسٹم کے سکیورٹی نظام کو توڑ کر داخل ہوئے اور ان فائلوں کو حاصل کیا ہے۔
چین کا ایغور کمیونٹی کے خلاف ظالمانہ جرائم کا ارتکاب
انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر کینیتھ روتھ نے بھی ان خفیہ فائلوں کو اہم دستاویزات خیال کرتے ہوئے انہیں درست قرار دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان فائلوں میں موجود مواد ان حقائق کے بہت قریب بھی ہے اور پہلے سے موجود شواہد کو درست بھی ثابت کرتا ہے۔
انہوں نے ایغور کمیونٹی کے خلاف چینی اقدامات کو انسانیت کے خلاف جرائم میں شمار کیا ہے۔ روتھ کے مطابق ایسے ظالمانہ اقدامات کی دوسری مثال ملنا مشکل ہے۔
جرمن اور امریکی بیانات
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے ان فائلوں کی روشنی میں شفاف تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے منگل چوبیس مئی کو اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ جرمن وزیر خارجہ نے ان لیک ہونے والی فائلوں کے مواد کو سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نئے شواہد قرار دیا۔
امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان فائلوں کے حوالے سے کہا کہ ان فائلوں میں موجود مواد خوف زدہ کرتا ہے اور تصاویر نہایت ناموافق صورت حال کی عکاس ہیں۔
ویزلی ڈوکیری (ع ح/ب ج)