1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگاکارا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کر لیے

عاطف توقیر3 جنوری 2015

سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمار سنگاکارا ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار سے زائد رنز بنانے والے پانچوں کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ تاریخ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں رقم کی۔

https://p.dw.com/p/1EEad
تصویر: Reuters

سری لنکا کی جانب سے سنگاکارا کی شاندار اننگز اور فاسٹ بولر نووان پرادیپ کی 63 رنز کے عوض چار وکٹوں نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پوزیشن کو کمزور کر دیا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کیوی ٹیم صرف 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ لے کر دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز برابر کرنے کی خواہاں ہے۔ کرائسٹ چرچ میں جاری اس میچ میں سری لنکا نے میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور پچ پر موجود گھاس کی وجہ سے بلے بازوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کیے رکھا۔ نیوزی لینڈ کی آخری آٹھ وکٹیں صرف 81 کے مجموعی اسکور پر گریں۔

Kumar Sangakara
سنگاکارا ایک بہترین وکٹ کیپر بھی ہیںتصویر: AP

تاہم سری لنکا کی ٹیم بھی بلے بازی کے میدان میں جمع کر کھیل نہ پائی اور اس کی پہلی پانچ وکٹیں صرف 78 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔ سری لنکا کی جانب سے سنگاکارا بدستور کریز پر موجود رہے، تاہم دوسرے اینڈ سے ووکٹیں مسلسل گرتی چلی گئیں۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر سنگاکارا 33 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

انہوں نے اس ٹیسٹ سیریز کا آغاز 12 ہزار رنز کے لیے صرف 12 رنز کی کمی سے کیا تھا، تاہم پہلے ٹیسٹ میچ میں وہ دونوں اننگز میں صرف چھ اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار یا زائد رنز بنانے والوں کے کلب میں سچن ٹنڈولکر، رِکی پونٹنگ، جیک کیلس اور راہول ڈراوِڈ شامل ہیں، جب کہ سنگاکارا اب وہ پانچویں بلے باز بن گئے ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہے۔