سنی لیونی ’ثابت قدمی‘ کی مثال
22 جنوری 2016ممبئی میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے سنی لیونی نے کہا: ’’یہ کوئی اچھا احساس نہیں ہوتا، جب آپ کو علم ہو کہ لوگ زندگی میں آپ کے انتخاب سے خوش نہیں ہیں۔‘‘ ان کے بقول گزرتے وقت کے ساتھ خاص طور پر گزشتہ چھ ماہ کے دوران مجھے یہ پتا چلا کہ میں بہت بڑے بڑے ستاروں سے مل چکی ہوں اور یہ ایک سفر ہے۔ سنی لیونی ماضی میں پورن یا فحش فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارتی شہریوں نے گوگل میں سب سے لیونی کو ہی سرچ کیا۔ وہ بھارت میں متعدد تنازعات کی وجہ بھی بن چکی ہیں۔
اسی ہفتے سماجی ویب سائٹس پر اس معروف فلمی ستارے کے حق میں اس وقت پیغامات کی بھرمار ہو گئی، جب سنی لیونی نے بھوپندر چوبے نامی ایک صحافی کے تند و تیز سوالات کا انتہائی تحمل کے ساتھ جواب دیا۔ ٹیلی وژن پر نشر کیے جانے والے اس انٹرویو میں صحافی چوبے نے لیونی کے ماضی پر سخت سوالات کیے اور یہاں تک کہہ دیا کہ لیونی بھارت میں پورنوگرافی میں اضافے کی وجہ بنی ہیں۔ تاہم اس انٹرویوکے نشر ہونے کے بعد بالی وڈ کے کئی ستاروں سے سنی لیونی کے دفاع میں ٹویٹر پر بیانات دیے۔ ان میں عامر خان، رشی کپور اور انوشکا شرما سر فہرست ہیں۔ فیس بک پر اس ویڈیو کو ایک ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا، جس میں لیونی، اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کر رہی ہیں۔
لیونی کہتی ہیں: ’’ابتدا میں بہت سے لوگ یہ نہیں چاہتے تھے کہ میں یہاں آؤں۔ اس کے علاوہ بہت سے لوگ میرے حوالے سے عجیب قسم کی رائے رکھتے تھے۔ لیکن اس کے باوجود میرے ایسے بھی مداح ہیں، جنہیں میری فکر ہے۔‘‘ لیونی نے مزید بتایا کہ ان کے لیے سب سے مشکل وقت وہ تھا جب ممبئی میں ایک خاتون نے ان کے خلاف بھارتی رسم و رواج کو تباہ کرنے اور بے حیائی پھیلانے کے الزام میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ ’’میرے خیال میں صورتحال بہتر ہو جائے گی کیونکہ میرا اب اُس دنیا سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘ ان کے بقول، ’’جنہیں میں پسند نہیں ہوں وہ میری فلمیں نہ دیکھیں۔‘‘
سنی لیونی 1981ء میں اونٹاریوکینیڈا میں ایک سکھ خاندان میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام کرنجیت کور وہرا ہے۔ وہ پورن انڈسٹری کے ایک کامیاب کیریئر کے بعد پانچ سال قبل بھارت منتقل ہوئیں۔ ’Penthhouse‘ نامی میگزین کے 2003ء کے شمارے میں سنی لیونی کو ’پیٹ آف کی ایئر‘ کا خطاب بھی دیا گیا۔ وہ سب سے پہلے بھارتی ٹی وی پر 2011ء کے بگ برادر شو میں دکھائی دیں۔ وہ اب تک آٹھ سے زائد بالی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ ابھی 29 جنوری کو ان کی نئی فلم مستی زادہ بھی ریلیز ہونے والی ہے۔