سوات میں سائنس میلہ
پاکستانی شہر سوات میں مقامی طلباء میں سائنس اور تحقیق میں دلچسپی پیدا کرنے کے مقصد سے دو روزہ سائنس میلے کا آغاز سیدو شریف میں منگل کے روز ہوا۔
سائنس میلے کا انعقاد
میلے کا انعقاد غیر سرکاری تنظیم ادھیانہ، سوات ایجوکیشن ڈپارٹنمنٹ اور پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کے تعاون سے کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ سوات سے تقریبا 130 سے زائد سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے 5000 لڑکوں اور 1500 لڑکیوں نے میلے میں لگے اسٹالز کا دورہ کیا۔
ملالہ کا پیغام
سوات سے تعلق رکھنے والی دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی سوات سائنسی فیسٹیول میں خاص طور پر طالبات کی شمولیت کو سراہا۔ حال ہی میں ملالہ نے سوات کا دورہ بھی کیا تھا ور یہاں تعلیم کے فروغ کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا تھا۔
مختلف تجربات
اس میلے میں روبوٹکس، ہائیڈرولکس اور الیکٹرک سرکٹ کے مختلف تجربات ديکھنے کو ملے۔ مقامی تعلیمی اداروں کے طلباء اور ملک بھر سے آئی چھ مختلف سائنسی تنظیموں لرن و بوٹس، سٹیمر، نیومیریکا، پاکستان سائنس کلب، اے زیڈ کارپس اور سبق کی جانب سے مختلف نمونے پيش کيے گئے۔
حالات بہتری کی جانب گامزن
سوات 2007ء سے سن 2009 میں بد امنی کا شکار تھا اور وہاں لڑکیوں کے لیے تعلیم کے مواقع تقریبا ختم ہو گئے تھے۔ اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ لڑکے اور لڑکیاں دوبارہ اسکولوں میں جا رہے ہیں۔
ایسے میلوں کے ملک بھر ميں انعقاد کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر بھی ہیش ٹیگ سوات سائنس فیسٹیول ٹرینڈ کر رہا تھا۔ کئی صارفین نے اس فیسٹیول میں شریک مقامی طلبا و طالبات کی تصاویر کو شیئر کیا اور مستقبل میں ایسے میلوں کے ملک بھر ميں انعقاد کا مطالبہ کیا۔