1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، جرمنی میں سخت قانون پر غور

14 مارچ 2017

جرمن وزیر انصاف ہائیکو ماس نے فیس بک کی جانب سے نفرت انگیز اور نسل پرستانہ مواد کو ہٹانے یا نفرت انگیزی کم کرنے کے ناکافی اقدامات پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں فیس بک کے خلاف ایک قانونی مسودہ بھی تیار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ZAex
Infografik Percentage of social media hate speech deleted after user reports

جرمن وزیر انصاف ہائیکو ماس ایک ایسا قانون بنانا چاہتے ہیں، جس کا تعلق فیس بک اور اسی طرح کی دیگر سماجی ویب سائٹس سے ہو۔ ان کے بقول اگر یہ سماجی ویب سائٹس اپنے صفحات سے غیر قانونی نفرت انگیز مواد ہٹانے میں ناکام رہیں تو ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ جرمن وزیر انصاف نے نفرت انگیز اور نسل پرستانہ مواد ہٹانے یا نفرت انگیزی کو کم کرنے کے حوالے سے فیس بک کے ناکافی اقدامات پر بھی سخت تنقید کی ہے۔ ان کے بقول اس ویب سائٹ پر نہ تو اس طرح کے بیانات اور نہ ہی کومنٹس کو بروقت ہٹایا جاتا ہے۔

Symbolbild Cybermobbing
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg

ماس کے مطابق اگر نئے ضوابط متعارف کرا دیے گئے تو ایسی صورت میں ان ویب سائٹس کو پچاس ملین یورو تک کا جرمانہ کیا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں وہ ایک قانونی مسودہ بھی تیار کر چکے ہیں تاہم اس دستاویز کی چانسلر انگیلا میرکل کی کابینہ کی طرف سے منظوری ابھی باقی ہے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد اسے پارلیمان سے بھی منظور کروانا ہو گا۔ یہ تمام مراحل طے کرنے کے بعد ان کمپنیوں کو وقت دیا جائے گا کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کریں۔

اس موقع پر ہائیکو ماس کا کہنا تھا، ’’یہ ثابت ہو گیا ہے کہ یہ اقدامات ناکافی ہیں اور اس طرح کے پیغامات کو جلدی نہیں ہٹایا جاتا۔‘‘اس دوران انہوں نے ویب سائٹس کی نگرانی کے ایک ادارے کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار بھی پیش کیے۔

آئندہ ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل جرمنی میں فیس بک اور دیگر سماجی ویب سائٹس پر نفرت انگیز مواد میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی تناظر میں فیس بک اور دیگر بڑے اداروں نے 2015ء میں ضمانت دی تھی کہ کسی بھی نفرت انگیز یا نسل پرستانہ بیان یا کومنٹ کا فوری طور پر جائزہ لیتے ہوئے انہیں 24 گھنٹوں کے دوران ہٹا دیا جائے گا۔ ہائیکو ماس نے شکایت کی کہ یہ ادارے اپنے صارفین کی شکایات پر سنجیدگی سے غور نہیں کرتے۔