سویڈن: مہاجرین کے علاقے میں جھڑپیں، پولیس فائرنگ
21 فروری 2017مقامی پولیس کے مطابق رنکے بی کے شمالی مضافاتی علاقے میں پولیس افسروں پر پتھروں سے حملہ کرنے والے شرپسندوں کو منشتر کرنے کی خاطر فائرنگ کرنا پڑ گئی۔ رنکے بی کے 80 فی صد سے زائد آبادی تارکینِ وطن پر مشتمل ہے اور یہاں بے روزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے۔ یہاں مقامی پولیس پر کئی بار سختی سے برتاؤ کرنے پر تنقید کی گئی ہے۔
اسٹاک ہوم کی پولیس کے ترجمان لارش بیستروم نے آج منگل کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے کی گئی فائرنگ سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا تاہم واقعے سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس افسران بری طرح ذچ ہو گئے تھے۔
بعد ازاں اُس علاقے میں بھیجے جانے والے کچھ مزید پولیس اہلکاروں پر بھی مظاہرین نے پتھراؤ کیا گیا۔ جھڑپوں کے دوران دس گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا گیا اور چند دکانیں بھی لوٹی گئیں۔ ایک دکان کے مالک پر اُس وقت بری طرح حملہ کیا گیا جب وہ اپنا مال بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں نصف شب کے بعد امن وامان کی صورتِ حال بحال کر دی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد اس واقعے میں زخمی بھی ہوئے۔
بیستروم کے مطابق ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تاہم پولیس سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ذمہ داران کا تعین کر رہی ہے۔
ایک خصوصی یونٹ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات پر مامور کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے اُس مشتبہ شخص کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں جس کی گرفتاری کے نتیجے میں جھڑپیں رونما ہوئیں۔