سپاٹ فکسنگ: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا داماد گرفتار
25 مئی 2013گروناتھ مائی یّپن بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا BCCI کے صدر نارائن سوامی کے داماد ہیں۔ اسی اسکینڈل کے سلسلے میں بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سری سانت اور دو دیگر آئی پی ایل کرکٹرز اجیت چانڈیلا اور انکیت چوان بھی زیر حراست ہیں جبکہ پاکستانی امپائر اسد رؤف کو اگلے ماہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں امپائرنگ سے روک دیا گیا ہے۔ رؤف کا نام بھی اسی تفتیشی عمل سے جوڑا جارہا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ گروناتھ کے بالی وڈ اداکار وندو رندھاوا کے ساتھ بھی مراسم ہیں۔ خود رندھاوا کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اُن جواریوں اور سٹے بازوں کے ساتھ رابطے میں تھے جو اس اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث سمجھے جا رہے ہیں۔
گروناتھ مائی یّپن رواں سیزن شروع ہونے سے پہلے کھلاڑیوں کی نیلامی کے موقع پر موجود تھے اور میچ کے بعد کی تقریب میں بھی چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرتے تھے۔ بعض حلقوں کے مطابق وہ اس ٹیم کے چیف ایگزیکٹو تھے مگر چنئی سپر کنگز نے اپنے جمعے کو جاری کردہ ایک بیان میں ان سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔ انڈیا سیمنٹ نامی کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ’’گروناتھ مائی یّپن نہ تو مالک اور نہ ہی سی ای او یا ٹیم پرنسپل ہیں، وہ محض چنئی سپر کنگز کی مینجمنٹ ٹیم کے اعزازی اراکین میں سے ایک تھے۔‘‘
انڈیا سیمنٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سری نواسن پر بھارت میں یہ تنقید ہوتی ہے کہ وہ ایسی دو ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں، جن کے مفاد ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ وہ اس سیمنٹ کمپنی کے اعلیٰ بورڈ کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کی مالک کمپنی کو بھی چلا رہے ہیں۔ ممبئی پولیس کے چیف کمشنر ہمانشو رائے نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ گروناتھ مائی یّپن کو تھانے میں پیش ہونے کے لیے چنئی میں واقع ان کے گھر اور چنئی سپر کنگز کے دفتر میں سمن بھیج دیے گئے ہیں۔
بھارتی کرکٹر سری سانت اپنے اوپر عائد الزامات کو جھٹلاتے ہیں۔ ان پر اور ان کے دو ساتھیوں پر ایک اوور میں مجرمانہ انداز میں پہلے سے طے شدہ رنز دینے کا الزام ہے، جس کے عوض انہوں نے مبینہ طور پر سٹے بازوں سے ساٹھ لاکھ روپے لیے تھے۔ بھارت بھر میں کئی سٹے باز بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے جمعے کے روز کہا کہ وہ اسپاٹ فکسنگ کو روکنے کے لیے قانون سازی کا خواہش مند ہے۔ BCCI کے نائب صدر راجیو شکلا نے نئی دہلی میں کہا کہ مناسب قانون سازی نہ ہونے کا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
(sks/mm(AP