1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن کے خون سے لکھی گئی کتاب

20 جولائی 2010

بھارتی سٹار بیٹسمین سچن تندولکر کی زندگی کے حالات واقعات پر لکھی گئی کتاب انہی کے خون سے شائع کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان کتاب کے پبلشر نے پیر کو کیا۔

https://p.dw.com/p/OPXo
سچن تندولکرتصویر: AP

اس کتاب کو ’دی تندولکر اوپس‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا اسپیشل ایڈیشن آئندہ سال فروری میں منظر عام پر آئے گا۔ اس کے پبلشر ’کراکین‘ کے مطابق کتاب کی دس جلدوں کی اشاعت میں سچن کا خون بھی استعمال کیا جائے گا۔

کراکین کے سربراہ کارل فاؤلیر کے مطابق یہ کتاب دنیائے کرکٹ کے لوِنگ لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ترتیب دی گئی ہے اور اس میں ان کی زندگی اور کیریئر کا تفصیلی احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کتاب کی دس جلدوں کے سِگنیچر پیج کے لئے استعمال ہونے والے کاغذ کی تیاری میں سچن کا خون استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’یہ ایسا ہی ہے، آپ کو اس صفحے پر سچن کا خون ملے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اس خیال کو پسند نہیں کرے گا۔ فاؤلیر کے مطابق بعض لوگوں کو یہ خیال انتہائی عجیب لگے گا لیکن اہم نکتہ یہی ہے کہ لاکھوں لوگ سچن سے عقیدت رکھتے ہیں، وہ تو ان کے لئے ایک دیوتا ہے۔

فاؤلیر نے کہا، ’ہم نے سوچا کہ اشاعت کے ذریعے کوئی اپنے دیوتا کے زیادہ سے زیادہ قریب کیسے جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس کتاب کی دس مخصوص جلدوں کے لئے آرڈر پہلے ہی بُک ہو چکے ہیں اور فی جلد قیمت 75 ہزار ڈالر ہے جبکہ ان سے حاصل ہونے والی رقم تندولکر کے فلاحی ادارے کو دی جائے گی۔

Bildergalerie Michael Jackson
مائیکل جیکسن کی زندگی پر بھی اسی نوعیت کی کتاب شائع ہو چکی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس کے ساتھ ہی کتاب کی تقریبا ایک ہزار جلدیں تندولکر کے دستخط کے ساتھ دستیاب ہوں گی۔ فی جلد قیمت دو سے تین ہزار ڈالر ہوگی۔

یہ کتاب 852 صفحات پر مشتمل ہو گی جبکہ اس کا وزن 37 کلوگرام ہوگا۔ اس میں ڈیڑھ ہزار تصاویر شامل ہوں گی جبکہ کتاب کی تحریر تین لاکھ الفاظ پر مشتمل ہو گی۔

خیال رہے کہ تندولکر پہلے کرکٹر ہیں جنہیں اوپس ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں اس طرز پر فیراری، مانچسٹر یونائٹیڈ، ڈیاگو میراڈونا، مائیکل جیکسن اور برج خلیفہ پر کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید