سیرینا ولیمز ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے میں ناکام
14 جولائی 2019رومانیہ سے تعلق رکھنے والی سیمونا ہیلیپ نے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن میں ویمن چیمپیئن شپ جیتنے کو اپنی زندگی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے سیرینا ولیمز کو محض چھپن منٹ میں ہرایا۔ دو سیٹ کے میچ میں ہیلیپ نے امریکی اسٹار کھلاڑی کو چھ دو اور چھ دو سے ہرایا۔
ہیلیپ نے دوسری مرتبہ کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس سے پہلے وہ فرنچ اوپن چیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ وہ اب تک دو مرتبہ فرنچ اوپن اور ایک مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کر چکی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ہیلیپ انتہائی معیاری کھلاڑی ہیں اور انہیں اب تک کئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت لینے چاہییں تھے۔
ومبلڈن ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد رومانیہ کی کھلاڑی نے اس میچ کو اپنی زندگی کا بہترین میچ بھی قرار دیا۔ سیمونا ہیلیپ نے یہ بھی کہا کہ وہ گزشتہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کے فائنل میچوں میں اپنے جذبات و احساسات سے مغلوب ہو جاتی تھیں اور ومبلڈن میں انہوں نے اپنے اعصاب پر کنٹرول رکھا۔ ہیلیپ کے مطابق وہ فائنل میچ کو ایک معمول کا میچ سمجھ کر کھیلیں اور جیت گئیں۔
سیرینا ولیمز نے میچ ختم ہونے کے بعد سیمونا ہیلیپ کے کھیل کی زوردار انداز میں تعریف کرتے ہوئے اُسے غیرمعمولی قرار دیا۔ ولیمز نے گزشتہ دس میچوں میں ہیلیپ کو نو مرتبہ شکست دی تھی۔ یہ امر اہم ہے کہ ومبلڈن کی ویمن چیمپیئن شپ کے لیے سیرینا ولیمز کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔
سیرینا ولیمز اس کوشش میں تھیں کہ وہ ومبلڈن کا فائنل میچ جیت کر چوبیس گرینڈ سلیم جیتنے والی آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹس کا ریکارڈ برابر کر دیں لیکن ایسا ہو نہیں سکا۔ خواتین میں وہ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والی کھلاڑی ہیں۔ وہ تیئیس اہم ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔
سیرینا ولیمز نے پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ سن 1999 میں یو ایس اوپن جیتا تھا۔ وہ اب تک گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے نو فائنل میچ ہار چکی ہیں۔ انہوں نے اب تک چھ مرتبہ ومبلڈن کی ٹرافی جیتی ہے۔ لندن میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں وہ پہلی مرتبہ سن 2002 میں کامیاب ہوئی تھیں۔
ع ح، ع ت، نیوز ایجنسیاں