شارجہ ٹیسٹ، محمد حفیظ کی شاندار سنچری
26 نومبر 2014پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد حفیظ نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کرتے ہوئے اس فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا۔
حفیظ نے تین چھکوں اور تئیس چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی اپنی ساتویں سنچری اسکور کی۔ قبل ازیں اوپنر شان مسعود مارک کریگ کی ایک عمدہ بال پر بارہ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنائے۔
اسی طرح ون ڈاؤن اظہر علی بھی اس مرتبہ کوئی خاص کارکردی دکھانے میں ناکام رہے اور انتالیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بھی مارک کریگ نے ہی آؤٹ کیا۔ یونس خان پانچ رنز بنا کر ڈنیئل ویٹوری کی عمدہ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
بعد ازاں کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ نے شاندار پارٹنر شپ کی اور چوتھی وکٹ کی شراکت پر 121 رنز بنا ڈالے۔ دونوں بلے باز عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ حفیظ 178 جبکہ مصباح اڑتیس پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
چونتیس سالہ محمد حفیظ کی یہ دوسری مسلسل سنچری ہے، یوں وہ پاکستان کے ایسے دوسرے اوپنر بن گئے ہیں، جنہوں نے دو ٹیسٹ میچوں کی مسلسل اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں۔
اس میچ کی ایک اہم بات نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈنئیل ویٹوری کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی بھی ہے۔ جولائی 2012ء کے بعد یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔
پاکستان اس تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جب کہ دوسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
اگر پاکستان اس میچ میں شکست سے دوچار ہوتا ہے تو عالمی رینکننگ میں وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر آ جائے گی۔ لیکن شارجہ ٹیسٹ کے پہلے دن کی کارکردگی سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کو اس میچ میں ہرانا کوئی آسان کام نہیں ہو گا۔