1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام اور اقوام متحدہ میں معاہدہ، حمص کے شہریوں کو نکلنے کی اجازت

افسر اعوان7 فروری 2014

شام اور اقوام متحدہ کے درمیان جمعرات چھ فروری کو ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت باغیوں کے زیر کنٹرول شہر حمص سے ’معصوم شہریوں‘ کو نکلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ یہ بات شامی نیوز ایجنسی SANA نے جمعرات کو کہی۔

https://p.dw.com/p/1B4Wu
تصویر: Reuters

شامی نیوز ایجنسی کے مطابق، ’’حمص کے گورنر طلال البرازی اور اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر یعقوب الحِلو کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت حمص کے پرانے شہر سے معصوم شہریوں کو نکلنے کی راہ دینے کے علاوہ وہاں اپنی مرضی کے مطابق رہ جانے والوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔‘‘

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق حمص میں کم از کم تین ہزار افراد پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق حمص میں کم از کم تین ہزار افراد پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہےتصویر: DW/A. Williams

گزشتہ ہفتہ سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے امن مذاکرات میں پیدا ہونے والے ڈیڈلاک کے بعد اس پیشرفت کو پہلا مثبت نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان مذاکرات کے دوران اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے نمائندہ لخضر براہیمی نے اعلان کیا تھا کہ دمشق حکومت نے خواتین اور بچوں کو اس وسطی شہر سے نکلنے کا راستہ دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اس سلسلے میں مزید پیشرفت نہ ہو سکی اور اس کی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے ایک دوسرے پر عائد کی گئی تھی۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق حمص میں کم از کم تین ہزار افراد پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

شامی فورسز کی طرف سے حلب میں ’بیرل بم‘ گرانے کا سلسلہ جاری ہے
شامی فورسز کی طرف سے حلب میں ’بیرل بم‘ گرانے کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Reuters/Goran Tomasevic

شام کی نیوز ایجنسی SANA کے مطابق، ’’متعلقہ شامی حکام اس معاہدے پر عملدرآمد کریں گے اور حمص سے نکلنے والے معصوم شہریوں کو انسانی بنیادوں پر ضروری امداد دی جائے گی، جس میں خوراک رہائشی سہولیات اور طبی امداد شامل ہے۔‘‘

نیویارک میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی خبروں کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے والے اداروں کے پاس حمص کے قریبی علاقوں میں خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروری چیزیں موجود ہیں اور جیسے ہی انہیں محفوظ راستے کے لیے گرین سگنل ملے گا وہ ان کی فراہمی شروع کر دیں گی۔

حلب کی جیل پر حملہ، سینکڑوں قیدی فرار

شام کے شمالی شہر حلب کی جیل کے داخلی دروازے پر ایک خودکش حملہ آور نے گزشتہ روز خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس خودکش حملے کے بعد باغیوں نے اس جیل پر ہلہ بول کر سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرا لیا۔

دوسری جانب شامی فورسز کی طرف سے حلب میں ’بیرل بم‘ گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق گزشہ چھ دنوں کے دوران حلب میں ایسے حملوں کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں 73 بچے بھی شامل ہیں۔