شام: مزید شہروں میں ٹینک داخل
8 مئی 2011بشار الاسد حکومت کی جانب سے مخالفین کو دبانے کے لیے شام کے وسطی شہر حمص کے دو اہم نواحی علاقوں میں بھی ٹینک داخل کر دیے گئے ہیں۔ باب سباع اور باب امر میں فوجی ٹینک آدھی رات کے وقت تعینات کیے گئے۔ انسانی حقوق کے ایک کارکن کے مطابق حمص میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ سے ایک بارہ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا ہے۔
اسی طرح ملک کے جنوبی شہر درعا کی ایک نواحی بستی طفس میں بھی آٹھ ٹینک تعینات کرنے کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق سکیورٹی فورسز ٹینکوں سمیت 30 ہزار آبادی والے اس قصبے میں علی الصبح داخل ہوئیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی، مزید یہ کہ سکیورٹی اہلکار گھروں میں داخل ہوکر نوجوانوں کو گرفتار کررہے ہیں۔
دوسری طرف حکومت مخالفین نے مظاہروں کے سات ہفتوں بعد پہلی مرتبہ باقاعدہ طور پر اپنے تمام مطالبات پیش کیے ہیں۔ سماجی ویب سائٹ فیس بک پر شامی انقلاب2011ء کے نام سے شائع ہونے والے مطالبات میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کے خاتمے، سیاسی آزادی، جمہوری اقدار کے فروغ اور اگلے چھ ماہ کے دوران نئے انتخابات کرانے کے ساتھ ساتھ صدر بشارالاسد سے فوری طور پر حکومت سے علیحدہ ہونے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
ہفتے کے روز بندرگاہی شہر بانیاس میں بھی ٹینک پہنچائے گئے تھے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بتایا گیا کہ ہفتہ کے روز شامی فوجوں کی جانب سے شہر بانیاس میں چھ شہریوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ان تنظیموں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز بانیاس کے نواح میں ساحلی سڑک پر حکومت مخالف خواتین کے ایک چھوٹے اجتماع پر فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں یہ خواتین ہلاک ہوئیں۔
شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف مارچ کے وسط میں مظاہرے شروع کیے گئے تھے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق ان مظاہروں کے دوران اب تک 800 کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکومت مخالف تحریک میں اب تک ہزاروں افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عابد حسین