1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی پناہ گزینوں کا سیلاب ترکی کی طرف بڑھتا ہوا

9 جون 2011

سیاسی عدم استحکام اور تشدد کی لپیٹ میں آئے ہوئے ملک شام کے باشندے بڑی تعداد میں اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ لبنان کے بعد ترکی دوسرا ملک ہے، جس کی طرف شامی پناہ گزینوں کا سیلاب رواں ہے۔

https://p.dw.com/p/11XdA
ترک حکومت نے کہا ہے کہ وہ شام کے پناہ گزینوں کے لیے سرحد بند نہیں کرے گیتصویر: dapd

شامی پناہ گزینوں کی ترکی کی طرف ہجرت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب ترکی کی سرحد سے نزدیک شام کے شمال مغربی شہر جسر الشغور میں 100 سے زیادہ فوجیوں کا قتل عام اب تک ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ اس علاقے میں صورتحال میں مزید شدت پیدا ہونے کے امکانات اور بڑھ گئے ہیں۔

شام کے شمال مغربی شہر جسر الشغور میں ہونے والی خونریزی کے بعد رواں ہفتے کےآغار سے ترکی کی طرف آنے والے شامی باشندوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ترکی کی سرحد سے نزدیک شام کے اس شہر میں 100 سے زیادہ فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے حالات بہت زیادہ کشیدہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شام کے ایلیٹ دستے اس شہر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ترکی آنے والے شامی پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب انقرہ حکومت شام کے بارے میں اپنی پالیسی میں تبدیلی لا سکتی ہے۔ ترک میڈیا کی اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب 120 شامی پناہ گزین سرحد پار کر کے ترکی پہنچے اور دن کے مختلف حصوں میں مزید 50 پناہ گزینوں کا اضافہ ہوا۔ انقرہ میں وزارت خارجہ کے مطابق بُدھ کے روز تک 420 شامی باشندے ترکی میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کر چُکے ہیں۔ شام کے پناہ گزینوں کے لیے ترکی کی سرحد کھلی رہے گی کیونکہ ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کو ان مسائل کا بخوبی اندازہ تھا۔ اُن کے بقول ’جس وقت شام میں ہنگامے شروع ہوئے تھے، اُس وقت سے ترکی نے اُن کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگاتے ہوئے شام سے ترکی آنے والے پناہ گزینوں کے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں کر لی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے اس بارے میں بھی سوچنا شروع کر دیا تھا کہ شام میں ایک پُر امن جمہوری تبدیلی کس طرح آ سکتی ہے۔ یہ امر تو واضح ہی ہے کہ اس ملک میں کوئی نہ کوئی تبدیلی آنا ضروری ہے‘۔

Ahmet Davutoglu NO FLASH
ترکی کے وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلوتصویر: picture alliance/dpa

شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے مفرور شامی باشندوں کی ایک بڑی تعداد ترکی پہنچ رہی ہے۔ شام کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر بحیرہ روم پر واقع ترکی کے بڑے شہر انتاکیا کا قریبی صوبہ Hatay ہے۔ آیا یہ شامی پناہ گزین مزید علاقوں تک بھی پھیل جائیں گے، یہ فی الحال ایک کھلا سوال ہے۔ شام کا بحران زیادہ نازک ہو گیا اور ترکی پہنچنے والے شامی پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا تو صورتحال ترک حکومت کے لیے سنگین شکل اختیار کر جائے گی۔ انسانی بحران سے زیادہ خدشہ سیاسی مسائل کا ہے، کیونکہ ترک وزیر خارجہ پہلے کی طرح اب بھی شامی صدر کو اپنا دوست مانتے ہیں اور ان کا دفاع کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے’عرب دنیا میں رونما ہونے والے واقعات کے شروع کے دور میں بشار الاسد کا مبارک اور قذافی کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا تھا۔ دراصل شامی صدر اب بھی ان سے مختلف ہیں۔ وہ جوان، جہاں دیدہ اور مغرب سے تحصیل یافتہ ہیں۔ انہوں نے متعدد بار اپنے ملک کو تنہائی سے نکالنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔ تاہم بدقسمتی سے سلامتی کی تشویش ناک صورتحال اور شام میں تشدد کی فضا پیدا ہونے کے سبب بشار الاسد کے اصلاحاتی عمل کو رکاوٹوں کا سامنا ہے‘۔

Syrien Demonstration Assad Gegner
شام میں صدر بشار الاسد کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہےتصویر: dapd

ماہرین کے خیال میں جلد یا بدیر انقرہ حکومت کو بشار الاسد کی حمایت کی پالیسی تبدیل کرنا ہو گی۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں