کنگ خان کی بیٹے سے جیل میں ملاقات، کیا ہوئی بات
22 اکتوبر 2021بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان 21 اکتوبر جمعرات کے روز اپنے بیٹے آریئن خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے۔ ان کے بیٹے آریئن کو دو اکتوبر کے روز ایک کروز پر پارٹی کے دوران مبینہ منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور پھر آٹھ اکتوبر کو با ضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ وہ گزشتہ تقریباً تین ہفتوں سے جیل میں ہیں۔
ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے گزشتہ روز شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ان کی ضمانت کے لیے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے، تاہم ہائی کورٹ نے بھی آئندہ ہفتے منگل کو سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ابھی انہیں کئی روز مزید جیل میں گزارنے پڑیں گے۔
گرفتاری کے بعد سے شاہ رخ خان اور ان کے 23 سالہ بیٹے آریئن خان کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی جو اطلاعات کے مطابق کافی جذباتی رہی۔ آرتھر روڈ جیل میں ملاقات کے دوران شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کے درمیان سلاخوں اور شیشے کا فاصلہ تھا تاہم وہ ایک دوسرے کو آمنے سامنے دیکھ سکتے تھے۔ بات چیت کے دوران وہاں دو محافظ بھی موجود تھے۔
ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے کورونا کی وبا کے دوران جیل میں قیدیو ں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ حکومت نے پہلے اس پابندی کو واپس لینے کا اعلان کیا اور پھر اس طرح 55 سالہ سپر اسٹار شاہ رخ کو اپنے بیٹے سے ملنے کا راستہ ہموار ہوا۔ جیل میں انہوں نے اپنے بیٹے سے تقریبا بیس منٹ تک بات چیت کی۔
بھارتی میڈیا نے جیل کے محافظوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے سے پوچھا کہ وہ کھانا صحیح سے کھا رہے ہیں کہ نہیں؟ اس پر آریئن نے جواب دیا کہ انہیں جیل کا کھانا پسند نہیں آر رہا۔ اس پر شاہ رخ خان نے جیل حکام سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے بیٹے کے لیے گھر کا کھانا بھجوا سکتے ہیں۔
جواب میں افسران نے کہا کہ انہیں اس کے لیے عدالت سے اجازت لینی پڑے گی اور اگر کورٹ اجازت دیتی ہے تو انہیں گھر کا کھانا مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر شاہ رخ نے اپنے بیٹے کی ہمت اور حوصلہ بڑھانے کے لیے کچھ باتیں کیں۔
آریئن خان کی ضمانت دو بار مسترد کی جا چکی ہے اور اب معاملہ ہائی کورٹ میں ہے۔ اس سے قبل آریئن نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنی ماں گوری خان سے بات کی تھی۔
بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ممبئی کے ساحل پر سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز) پر چھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا۔اس میں بالی وڈ اداکار شا ہ رخ خان کے بیٹے 23 سالہ آریئن خان بھی شامل تھے۔ آریئن کو پہلی بار چار اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
آریئن کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن این سی بی کا دعوی ہے کہ ان کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔