شعیب اور ثانیہ کے گھر خوشیاں
30 اکتوبر 2018پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک نے منگل کے دن ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ باپ بن گئے ہیں۔ اس ٹوئٹ میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعاؤں اور محبت کا شکریہ۔ شعیب ملک کے مطابق ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، ’میرا لڑکا اور لڑکی (ثانیہ مرزا) دونوں خیریت سے ہیں‘۔
قبل ازیں بالی ووڈ کی ڈانس ڈائریکٹر، جو شعیب اور ثانیہ کے قریبی دوست ہیں، نے اپنے انسٹا گرام پر یہ نیوز بریک کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’ایک ننھے فرشے پر خدا اپنی رحمتیں نچھاور کرے‘۔
اس نیوز کے بریک ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص ٹوئٹر پر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو مبارکبادی پیغامات روانہ کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پاکستانی فوج کے ترجمان جنرل آصف غفور نے بھی اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں انہیں بہترین تمنائیں روانہ کیں۔
کھیل اور شوبز کی دنیا کے علاوہ سیاسی شخصیات بھی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو مبارکبادی پیغامات ارسال کر رہی ہیں۔ اروند کیجریوال نے لکھا، ’میرے پسندیدہ کرکٹر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو بہت بہت مبارکباد۔
بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندر جدیجہ نے بھی اس خوشی کے موقع پر ٹوئٹ کیا۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نئے بچے کا نام کیا رکھا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے ثانیہ اور شعیب کے قریبی دوستوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ کرکٹر اور ٹینس اسٹار جلد ہی ایک بڑی پارٹی کا اہتمام کریں گے، جس میں بچے کے نام کے بارے میں بھی میڈیا کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔